مشرف ایئر ایمبولینس سے باہر جائیں گے، خورشید شاہ

منگل 7 جنوری 2014 11:40

مشرف ایئر ایمبولینس سے باہر جائیں گے، خورشید شاہ

سکھر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7جنوری 2014ء) پرویز مشرف ابھی اور بیمار ہونگے، اسٹریچر پر سوار ہو کر ایئر ایمبولینس سے باہر جائیں گے، خورشید شاہ نے پیش گوئی کر دی۔ اجتماعی شادی کی تقریب میں شرکت سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ چالیس پچاس لوگوں کو بچا کر صرف ایک شخص کے خلاف ٹرائیل بدنیتی پر مبنی ہے کیونکہ تین نومبر کیئے جانےوالا ٹرائیل بارہ اکتوبر کے حوالے سے آنا چاہیئے تھا کیونکہ تین نومبر میں صرف ایک شخص ہے جبکہ بارہ اکتوبر کے ٹرائیل میں عدلیہ کے وہ ججز بھی آئیں گے جنہوں نے انہیں اختیار دیا تھا کہ وہ تین سال تک کے لیے آئین میں ترمیم کر لیں۔

وہ کور کمانڈرز بھی آئیں گے جن کو بچایا گیا ہے اگر اس ایک شخص کو سزا ہوئی تو دنیا اسے نہیں مانے گی وہ کہے گی کہ مارشل لاء لگانے والے کہاں گئے ان کو سزا کیوں نہیں آئی تین نومبر کو صرف تین ججز کے خلاف ایمر جنسی ہوئی تھی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کے خلاف ٹرائیل پر فوج کی خاموشی نیم رضا مندی ہے جنرل مشرف سے معاہدہ ہو چکا ہے کہ اسے باہر بھیج دیا جائے گا ہر کوئی پیپلز پارٹی کا لیڈر نہیں ہو سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ الطاف حسین بادشاہ آدمی ہیں وہ کب کیا کہتے ہیں کسی کو پتہ نہیں چلتا اور با دشاہ لوگ ہی ایسی باتیں کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی الیکشن کا معاملہ ریشم کے دھاگوں کی طرح الجھ گیا ہے اٹھارہ جنوری کو الیکشن ہوتے نظر نہیں آتے کیونکہ اب تک لسٹیں تک تیار نہیں اور سندھ حکومت ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں گئی ہے اس کا فیصلہ آنا باقی ہے۔

متعلقہ عنوان :