سرکاری مکانات کی الاٹمنٹ کے طریقہ کار کو کرپشن سے پاک کر چکے ہیں ، بیرسٹر عثمان ابراہیم ، آئندہ تمام سرکاری الاٹمنٹس جنرل ویٹنگ لسٹ کے مطابق میرٹ پر ہوں گی ، تقریب سے خطاب

پیر 6 جنوری 2014 22:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6 جنوری ۔2014ء) وزیر مملکت ہاؤسنگ و تعمیرات بیرسٹر عثمان ابراہیم نے کہا ہے کہ سرکاری مکانات کی الاٹمنٹ کے طریقہ کار کو کرپشن سے پاک کر چکے ہیں ، آئندہ تمام سرکاری الاٹمنٹس جنرل ویٹنگ لسٹ کے مطابق میرٹ پر ہوں گی۔پیر کو وزارت میں سرکاری مکانات کی میرٹ پر الاٹمنٹ لیٹر تقسیم کرنے کے حوالے سے ایک منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ الاٹمنٹ پالیسی کے تحت قانون 29-A اور 12 بھی ختم کردیا گیا ہے اور اب صرف اور صرف میرٹ اور جنرل ویٹنگ لسٹ کے مطابق الاٹمنٹ ہوں گی انہوں نے کہا کہ اس وقت 19000 لوگ لسٹ پر موجود ہیں اور میرٹ پر عمل کرکے اور نئے گھر تعمیر کرکے مسئلہ حل کردیں گے حکومت نے یہی طریقہ جاری رکھا تو جلد ہی یہ نہ صرف کرپشن سے مکمل پاک ہوجائے گا بلکہ عوام کا سرکاری اداروں پر اعتماد بھی بحال ہوگا انہوں نے کہا کہ آج جن 42 لوگوں کو گھر الاٹ ہوئے ہیں وہ خالی ہیں اور ان کو فوری قبضہ مل جائے گا انہوں نے کہاکہ گزشتہ ادوار میں مختلف قوانین کا سہارا لے کر جعلی طور پر چار ہزار گھر الاٹ کئے گئے تھے انہوں نے کہا کہ ابھی تک تقریباً 1700 گھروں پر ناجائز قبضہ ہے جن کو خالی کرایا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ وزارت میں گاڑیوں کی بے جا اور غیر قانونی استعمال پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے اور بہت سی چیزوں کو بہتر کردیا گیا ہے جس سے عوام کو جلد ہی وزارت میں خوشگوار تبدیلیاں محسوس ہوں گی انہوں نے کہاکہ سرکاری مکانات کی تعمیر پر پابندی ختم کرنے کیلئے بھی ہخومت کو تجویز دی ہے جبکہ پرانے اور بوسیدہ مکانات کو گرا کر ان کی جگہ فلیٹ بنانے کی بھی تجویز ہے جس سے آئندہ چند سالوں میں سرکاری ملازمین کی رہائش کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ برسراقتدار آتے ہی انہوں نے وزارت میں میرٹ کو یقینی بناتے اور کرپشن کے خاتمے کیلئے اقدامات کئے اور سٹیٹ آفس کے خلاف شکایات کا ازالہ کیا۔ سٹیٹ آفس کو مزید بہتر کیا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ سب کو معلوم ہونا چاہئے کہ آئندہ میرٹ کے سوا الاٹمنٹ نہیں ہوگی اور اگر کوئی سرکاری اہلکار رشوت کے ذریعے الاٹمنٹ کی بات کرتا ہے تو وہ غلط ہے وہ براہ راست مجھے اطلاع دے۔

متعلقہ عنوان :