پاک چائنہ اقتصادی راہداری کی تعمیر چین جنوبی ایشیاء اور وسط ایشیا سمیت پورے خطے کیلئے معاشی خوشحالی کی ضامن ہوگی ،احسن اقبال ، وزیر اعظم کی قیادت میں حکومت عوام کے توقعات پر پورا اتر نے کے لئے منصوبہ بندی کررہی ہے ،اجلاس سے خطاب

پیر 6 جنوری 2014 22:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6 جنوری ۔2014ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہاہے کہ پاک چائنہ اقتصادی راہداری کی تعمیر چین جنوبی ایشیاء اور وسط ایشیا سمیت پورے خطے کیلئے معاشی خوشحالی کی ضامن ہوگی، وزیر اعظم کی قیادت میں حکومت عوام کے توقعات پر پورا اتر نے کے لئے منصوبہ بندی کررہی ہے۔وہ پیر کوپلاننگ کمیشن میں پاک چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے بین الوزارتی اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔

وفاقی وزیر نے احسن اقبال نے کہاکہ اقتصادی راہداری کا نقشہ اس انداز سے ترتیب دیا جائے کہ سڑک ، ریلوے اور آپٹک فائبر کے منصوبوں کو مربوط انداز میں چلایا جاسکے تاکہ قومی وسائل کے ضیاع کو روکا جاسکے ۔وفاقی وزیرنے کہا کہ اس راہداری کا نقشہ تیار کرتے ہوئے مستقبل کے تمام ممکنہ ڈیمز کی تعمیر کو بھی مد نظر رکھا جائے تاکہ اگر کبھی نیا ڈیم تعمیر کرنا ہو تو پاک چائنہ اقتصادی راہداری اس میں حائل نہ ہوسکے۔

(جاری ہے)

پروفیسر احسن اقبال نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ 6جنوری سے شروع ہونے والے مواصلات اور بنیادی ڈھانچے سے متعلقہ ورکنگ گروپ کے پاکستان میں مذاکرات کے دوران بھرپور تیاری کے ساتھ پاکستان کا موقف پیش کریں۔ وفاقی وزیر نے ریلوے حکام کوہدایت کی کہ وہ اقتصادی راہداری کے تحت ریلوے ٹریک کو بہتر بنانے کے مجوزہ منصوبوں میں اس بات کا خیال رکھیں کہ مستقبل کی فاسٹ ٹرین کا نقشہ متاثر نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام چینی وفد سے فوری اور قابل عمل منصوبوں پر بھرپور تیاری سے بات کریں اوراس ضمن میں کراچی- لاہور موٹروے ،قراقرم ہائی وے کی اپ گریڈیشن ،مظفر آباد -میر پور- منگلہ ایکسپریس وے،N-85(گوادر خضدار)اور لاہور میں ماس ٹرانزٹ کیلئے اورینج لائن کے منصوبوں کو سرفہرست رکھا جائے ۔ وفاقی وزیر نے ریلوے حکام کو بھی ہدایت کی وہ چینی وفد سے مذاکرت میں جیکب آباد- حویلیاں ،کراچی -پشاور ,خنجراب -حویلیا ں اور کراچی-گوادر لائنز کی اپ گریڈیشن کو سرفہرست رکھیں۔

انہوں نے کہاکہ پاک چائنہ اقتصادی راہداری خطے میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کے مشترکہ وژن کی عکاسی کرتی ہے اور دونوں وزرائے اعظم اس کی جلد تعمیر کیلئے خصوصی دلچسپی کا مظاہرہ کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نوازشریف کی قیادت میں حکومت عوام کے توقعات پر پورا اتر نے کے لئے منصوبہ بندی کررہی ہے اور اس حوالے سے موجودہ وفاقی حکومت نے وژن 2025 کا ایک پروگرام مرتب کیا ہے جس کے تحت پاکستان سمیت پوری دنیا میں ماہرین کے ساتھ مشاورت شروع کی گئی ہے تاکہ کم وقت میں ملک کو ان مسائل سے نکال سکے ۔