روسی حکومت اور پاکستان کی کاروباری برادری کے درمیان مالی دعوؤں کے حل میں سہولت دینے کیلئے تیار ہیں ، وزیر خزانہ ،روس کے ساتھ تجارت سے متعلق 16سالہ پرانے مالی تنازعات حل ہو جائیں تو دوطرفہ تجارتی تعلقات کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور ہوں گی ، وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا اجلا س سے خطاب

پیر 6 جنوری 2014 22:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6 جنوری ۔2014ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہاہے کہ روسی حکومت اور پاکستان کی کاروباری برادری کے درمیان مالی دعوؤں کے حل میں سہولت دینے کیلئے تیار ہیں ، روس کے ساتھ تجارت سے متعلق 16سالہ پرانے مالی تنازعات حل ہو جائیں تو دوطرفہ تجارتی تعلقات کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور ہوں گی ۔ وہ پیر کو روس اور پاکستان کے درمیان دیرینہ تجارتی مسائل کے حل کیلئے وزیراعظم کی جانب سے تشکیل دی گئی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔

اجلاس میں وزیر مملکت برائے تجارت خرم دستگیر خان، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی اور وزارت خزانہ کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔ وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ ان مسائل کے حل کے حوالہ سے پیش رفت فریقین کے مفاد میں ہو گی اور اس سے باہمی تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور ہوں گی جنہوں نے تقریباً ڈیڑھ عشرے سے دوطرفہ تجارت کو یرغمال بنا رکھا ہے، ہم روسی حکومت اور پاکستان کی کاروباری برادری کے درمیان مالی دعوؤں کے حل میں سہولت دینے کیلئے تیار ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس دیرینہ مسئلہ کے حل سے روسی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کے حوالہ سے مثبت پیغام جائے گا جبکہ اس سے ہمیں بھی وسائل سے مالا مال وسطی ایشیائی ممالک میں تجارتی مواقع سے استفادہ کرنے کا موقع میسر آئے گا جبکہ وزیر خزانہ نے مسائل کے حل کے عمل کو تیز کرنے کیلئے سیکرٹری تجارت قاسم نیاز کی سربراہی میں ایک ذیلی کمیٹی بھی تشکیل دیدی ہے جو تمام فریقین کے ساتھ بامعنی مذاکرات کے بعد ایک ہفتے کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔