پیپلزپارٹی خیبرپختونخوا نے بلدیاتی انتخابات کے لئے کمیٹی تشکیل دیدی،ضلعی کمیٹیوں کی تجاویز کی روشنی میں دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ انتخابات میں اتحاد کی سلسلے میں صوبائی قیادت کو تجاویز دیگی، پارٹی میں کوئی اختلافات نہیں اور بلدیاتی انتخابات کے بعد انٹرا پارٹی الیکشن کیا جائے گا ،خانزادہ خان پشاورپریس کلب میں گفتگو

پیر 6 جنوری 2014 22:44

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6 جنوری ۔2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر خانزادہ خان نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کیلئے کمیٹی تشکیل دی ہے جو ضلعی کمیٹیوں کی تجاویز کی روشنی میں دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ انتخابات میں اتحاد کی سلسلے میں صوبائی قیادت ر کو تجاویز دے گی جس کی روشنی میں اتحاد کا فیصلہ کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پشاور پریس کلب کے پروگرام گیسٹ آور میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پی پی پی کے صوبائی جنرل سیکرٹری محمد ہمایون خان،سیکرٹری اطلا عات لیاقت شباب،اکبر خان ودیگر رہنما بھی مو جود تھے خانزادہ خان کا کہنا تھا کہ ان کی سابق دور حکومت میں ریکارڈ تر قیاتی کام ہوئے اور اس کے باو جود ان کی پارٹی کو ووٹ نہیں ملے ان کا کہناتھا کہ صوبائی حکومت نے سات ماہ گزرنے کے باوجو د صوبے کے عوام کیلئے کچھ بھی نہیں کیااور صوبے میں مہنگائی،بدامنی،اغواء برائے تاوان اور بھتہ خوری اپنے عروج پرپہنچی ہے جسکی روک تھام میں موجودہ حکومت مکمل طور پر ناکام نظر آرہی ہے انکا کہنا تھا کہ آنے والے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے رحیم داد خان کے سر براہی میں محمد ہمایون خان ،سید ظاہر علی شاہ،نجم الدین خان اورفیصل کریم کنڈی پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو ضلعی کمیٹیوں کی تجاویز کی روشنی میں دیگر سیاسی جماعتوں سے بلدیاتی انتخابات میں اتحاد کے سلسلے میں صوبائی قیادت کو اپنی تجاویز دے گی جس کی روشنی میں اتحاد کا فیصلہ کیا جائے گا۔