راجن پور،نا معلوم افراد نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے میڈیکل آفیسر اور شیعہ رہنما ڈاکٹر اظہر حسین سرائی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا ، بہن صدمے سے چل بسی ،واقعے کی اطلاع ملتے ہی ضلع بھر کی شیعہ تنظیموں نے احتجاج شروع کر دیا ،انڈس ہائی وے بند کر دی گئی ، وزیر اعلیٰ نے رپورٹ طلب کر لی ،نا معلوم افراد نے ڈاکٹر اظہر کو ڈیوٹی ختم ہونے کے بعد گاڑی پر گھر جاتے ہوئے نشانہ بنایا ،پولیس نے ضروری شواہد اکٹھے کر لئے

پیر 6 جنوری 2014 22:41

راجن پور/لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6 جنوری ۔2014ء) نا معلوم افراد نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کے میڈیکل آفیسر اور شیعہ رہنما ڈاکٹر اظہر حسین سرائی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا ، جبکہ انکی بہن سابق ڈی ڈی ا ی او دل کادورہ پڑنے سے انتقال کر گئیں،واقعے کی اطلاع ملتے ہی ضلع بھر کی شیعہ تنظیموں نے احتجاج شروع کر دیا اور احتجاجاًانڈس ہائی وے روڈ بلاک کر دی ، وزیر اعلیٰ پنجا ب محمد شہباز شریف نے واقعے سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے ۔

اطلاعات کے مطابق ڈی ایچ کیو ہسپتال راجن پور کے میڈیکل آفیسر اور شیعہ رہنما ڈاکٹر اظہر حسین سرائی ڈیوٹی ختم ہونے کے بعد اپنی گاڑی پر گھر جار ہے تھے کہ راستے میں نا معلوم موٹر سائیکل سوار وں نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں ڈاکٹر اظہر حسین سرائی موقع پر دم توڑ گئے جبکہ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔

(جاری ہے)

اطلاع ملتے ہی شیعہ رہنماؤں کی کثیر تعداد جائے وقوعہ اور ہسپتال پہنچ گئی جنہوں نے واقعے کے خلاف شدید احتجاج کیا ۔

جبکہ بھائی کے قتل کی اطلاع ملنے پر ان کی بہن سابق ڈی ڈی ای او راجن پو ردل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئیں۔پولیس افسران نے بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کئے اور ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے ۔ جبکہ کسی بھی نا خوشگوار واقعہ کے پیش نظر ہسپتال اور ضلع بھر میں پولیس نفری تعینات کر دی گئی ۔

اہل تشیع کی کثیر تعداد نے واقعے کے خلاف احتجاج کیا اور انڈس ہائی وے کو بند کر دیا جس سے گاڑیوں کی میلوں لمبی قطاریں لگ گئیں۔ مرحوم کی نعش کو پوسٹمارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا گیا اور بعد ازاں دونوں بہن بھائیوں کی اجتماعی نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں زندگی کے مختلف شعبوں سے وابستہ نامور شخصیات کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس حکام سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے ۔