پیسکو کی حوالگی کے لیے وفاقی حکومت کو 11نکات پیش کیے،مذاکراتی ٹیم بھی تشکیل دے دی، وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شاہ فرمان

پیر 6 جنوری 2014 20:30

پشاور(رحمت اللہ شباب۔اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6 جنوری ۔2014ء) خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شاہ فرمان نے کہا ہے کہ پیسکو کی حوالگی کے لیے وفاقی حکومت کو 11نکات پیش کیے گئے ہیں جس کے لیے مذاکراتی ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی ہے وفاقی حکومت سے اپیل ہے کہ مذاکرات کے لیے ٹیم اعلان کیا جائے ۔

(جاری ہے)

خیبر پختونخوا اسمبلی میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اطلاعات شاہ فرمان کا کہنا تھاکہ خیبرپختونخوا حکومت پیسکو کی حوالگی کے لیے سنجیدہ ہے اس لیے وفاقی حکومت جلد مذاکراتی ٹیم تشکیل دے کر مذاکرات کرئے ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت پیسکو میں کرپشن اور چوری روکنے میں ناکام ہے آج تک پیسکو اور اس کے افسران پر کوئی چیک نہیں رکھا گیا جس کی وجہ سے بجلی چوری عروج پر ہے شاہ فرمان کا کہنا تھا کہ بھاشا اور کالا ڈیم کے علاوہ بھی اور بجلی پیدا کرنے کے منصوبے ہیں لیکن کسی نے آج تک کچھ نہیں کیا وفاقی حکومت ہمارے مطالبات مان کرپیسکو بمعہ جنریشن ہمارے حوالے کر دے تو خیبر پختونخوا سمیت پورے ملک کو فائدہ ہو گا اور کرپشن کا بھی خاتمہ ہو گا ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے بیان کے بعد اب تمام سیاسی جماعتوں کو مزید اتحاد کی کی ضرورت ہے کیونکہ ہم پاکستانی ہیں اور صرف ہمیں پاکستان کی ہی سوچ کرنی چاہیے،،ایک سوال کے جواب میں شاہ فرمان کا کہنا تھا کہ ترقیاتی کاموں کے حکومت سستی روی کا شکار ہے لیکن جلد ترقیاتی کاموں کا جال بھچایا جائے گا ۔