لاہور،پیپلز پارٹی کے کارکن ذوالفقار بھٹو کی سالگرہ کے کیک پر جھپٹ پڑے،کئی کارکنوں کے کپڑے خراب ہو گئے ،پاکستان کی سیاسی تاریخ بھٹو خاندان کے بغیر ادھوری ہے، راہ فرار کی بجائے ڈٹ کر مقابلہ کیا ‘ ثمینہ خالد گھرکی

اتوار 5 جنوری 2014 18:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5 جنوری ۔2014ء) سابق وزیر اعظم و پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو شہید کی 86ویں سالگرہ کی تقریب شدید بد نظمی کا شکار ہو گئی،پیپلز پارٹی کے کارکن کیک پر جھپٹ پڑے اور جسکے ہاتھ جو آیا لے اڑا ۔ اس دوران کئی کارکنوں کے کپڑے خراب ہو گئے ۔ تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے لاہور آفس میں بھٹو شہید کی سالگرہ کے سلسلہ میں کیک کاٹنے کی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے ۔

پیپلز پارٹی کی ہر تقریب کی طرح سالگرہ کی تقریب بھی روایت کے مطابق بد نظمی کاشکار ہو گئی او رجیسے ہی کیک کاٹا گیا کارکن اس پر جھپٹ پڑے اور جسکے ہاتھ جو آیا لے اڑا اور کئی کارکن اس موقع پر منہ تکتے رہ گئے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ثمینہ خالد گھرکی نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی تاریخ بھٹو خاندان کے بغیر ادھوری ہے ۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جسکی قیادت نے جمہوریت اور عوام کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں پری پول رگنگ جاری ہے ،صرف ہمارے امیدواروں کوپریشان کرنے کیلئے باربار بلدیاتی انتخابات کی تاریخیں تبدیل کی جارہی ہیں لیکن ہم کسی سے ڈرنے والے نہیں، انتخا بات میں ڈٹ کر مقابلہ کریں گے ۔اس مو قع پر عزیزالرحمن چن،دیوان غلام محی الدین،آصف ناگرہ ، بیرسٹر عامر،الطاف قریشی،زاہدذوالفقار خان ، رانا اشعر سمیت دیگر مو جود تھے۔

ثمینہ خالد گھرکی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے لیڈروں نے ہمیشہ قربانیاں دیں ، کوئی بھی کسی دھمکی سے نہیں ڈرا، ذوالفقار علی بھٹو شہید نے پھانسی لی ، بینظیر بھٹو شہید ہوئیں، سابق صدرآصف علی زرداری نے جیلیں کاٹیں لیکن ہمارے لیڈر کبھی اس ملک سے بھاگے نہیں ، انہوں نے راہ فرار اختیار نہیں کی بلکہ ہمیشہ حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ۔