Live Updates

فاٹا متاثرین کی مکمل بحالی سے چین تک نہیں بیٹھیں گے،بحالی کیلئے ہر ممکن جدوجہد اور قربانی دینگے،چار سال سے متاثرین کی مسلسل خدمت کر رہے ہیں،آفتاب شیر پاؤ کو آج متاثرین یاد آئے،شیر پاؤ بتائیں جب وہ وزیر داخلہ تھے اور فوج قبائلی علاقوں میں بھجوا رہے تھے اس وقت ان کی پشتون ولی اور غیر ت کہاں مر گئی تھی؟،تحریک انصاف فاٹا کے زیر اہتمام جلوزئی کیمپ میں جلسے سے اقبال آفریدی و دیگر کا خطاب

اتوار 5 جنوری 2014 18:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5 جنوری ۔2014ء) تحریک انصاف فاٹا نے جلوزئی کیمپ میں رہائش پذیرمتاثرین کی بحالی کیلئے ہر ممکن جدوجہد کرنے اور ان کی بحالی نہ ہونے تک چین سے نہ بیٹھنے کا اعلان کیا ہے ۔تحریک انصاف فاٹا نے اتوار کو جلوزئی متاثرین کیمپ میں ایک جلسہ ء عام کا انعقاد کیا جس میں ہزاروں کی تعداد میں متاثرین نے شرکت کی۔جلسہ تحریک انصاف فاٹا کے رہنما حاجی اقبال آفریدی نے منعقد کیا جبکہ پی ٹی آئی ضلع پشاور کے جنرل سیکرٹری یونس ظہیر مہمند،گل باچا اور اصغر خلیل نے بھی جلسے سے خطا ب کیا۔

حاجی اقبال آفریدی نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف فاٹا کے متاثرین کیلئے روز اول سے جدوجہد کرتی چلی آ رہی ہے اور جلوزئی کیمپ میں متعدد بار متاثرین میں راشن،نقدی اور اشیائے ضروریہ تقسیم کی گئیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ چار سال سے متاثرین کی مسلسل خدمت کر رہے ہیں اور ان کی مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔اقبال آفریدی نے قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب شیرپاؤ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آفتاب شیر پاؤ کو آج چار سال بعد متاثرین یاد آئے اور انھوں نے جلوزئی کیمپ کا دورہ کیا۔

شیر پاؤ یہ بتائیں کہ جب وہ وفاقی وزیر داخلہ تھے اور فوج قبائلی علاقوں میں آپریشن کیلئے جا رہی تھی تو اس وقت ان کی پشتون ولی اور غیر ت کہاں مر گئی تھی؟آج چار سالوں کے بعد یہاں آ کر انھوں نے جھوٹے دعوے اور وعدے کئے اور قبائل کی دل آزاری کی ۔انھوں نے کہا کہ آفتاب شیر پاؤ کو پختونوں بالخصوص قبائلیوں سے اپنے کرتوتوں پر معافی مانگنی چاہئے جب تک وہ علی الاعلان پختونوں سے معافی نہیں مانگتے تب تک کوئی پختون ان کے جھوٹے دعوؤں پر یقین نہیں کریگا۔

انھوں نے کہا کہ جلوزئی کیمپ سمیت جہاں بھی قبائلی متاثرین ہونگے تحریک انصاف فاٹا ان تک پہنچے گی اور ان کی بحالی کیلئے ہر ممکن جدوجہد کریگی۔ان کا کہنا تھا کہ اسلام اورپشتونوں کے نام پر سیاست کرنیوالوں نے کبھی اس خطے کے پشتونوں سے وفانہیں کی بلکہ پشتونوں کواپنے ذاتی مفادات اور سیاست کی بھینٹ چڑھایا۔جلسے میں جلوزئی کیمپ کا دورہ کرنیوالے آفتاب شیر پاؤ کیخلاف نعرے بازی بھی کی گئی۔واضح رہے کہ اتوار کو جلوزئی کیمپ میں قومی وطن پارٹی نے بھی جلسہ کیا جس میں چند سو افراد نے شرکت کی جبکہ تحریک انصاف فاٹا کے جلسے میں ہزاروں کی تعداد میں قبائلی عمائدین اور عوام نے شرکت کی ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات