پہاڑی علاقوں میں برف باری کے باعث مختلف علاقوں میں موسم مزید سرد ہوگیا ،موسمی امراض پھیلنے لگے ، برف باری سے رابطہ سڑکیں بند ہونے سے زمینی رابطہ منقطع ، پاراچنار میں سردی بڑھنے کے ساتھ لکڑی کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں،ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی شدت میں کسی حد تک کمی کا امکان ، پنجاب میں دھند کی پیش گوئی

اتوار 5 جنوری 2014 14:01

اسلام آباد/مظفر آباد/گلگت/پشاور/کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5 جنوری ۔2014ء) آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت پہاڑی علاقوں میں برف باری کے باعث مختلف علاقوں میں موسم مزید سرد ہوگیا ، برف باری سے رابطہ سڑکیں بند ہونے سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ، پاراچنار میں سردی بڑھنے کے ساتھ لکڑی کی قیمتیں بھی بڑھ گئی ہیں جس سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑا۔

آزاد کشمیر کی وادی نیلم ، اٹھ مقام اور گریز سمیت کئی بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برف باری ہورہی ہے۔ برف باری سے میدانی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔گلگت بلتستان میں برف باری تھمنے کے بعد سردی بڑھ گئی اور موسمی امراض پھیلنے لگے۔پاراچنار میں جیسے جیسے سردی بڑھ رہی ہے لکڑی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

گجرانوالہ کے لوگ شدید سردی میں کھلے آسمان تلے انگھیٹیاں جلا کر گرما گرم کھانوں اور بار بی کیو کا مزہ لیتے رہے ملتان میں سوپ ، کافی اور کشمیری چائے نے سرد موسم کا مزہ دیا۔

نواب شاہ میں سردی عروج پر پہنچ گئی گرم کپڑوں کی خریداری کے لئے لنڈا بازاروں میں رش لگا رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں پیر سے سردی کی شدت میں کسی حد تک کمی کا امکان ہے۔ پنجاب کے میدانی علاقوں ، پشاور اورسکھر ڈویڑن میں چند مقامات پر دھند کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :