ایشز سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 281 رنز سے شکست دیکر ایشز سیریز 5-0سے جیت لی ،انگلینڈ کے بلے باز آسٹریلیا کے بولروں کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئے ، وکٹیں خزاں کے پتوں کی طرح گرتی رہیں، انگلینڈ کی سات وکٹیں مجموعی سکور میں صرف 79 رنز کا اضافہ کر سکیں ،پوری ٹیم دوسری اننگز میں 166 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی،آسٹریلیا کی جانب سے دوسری اننگز میں ہیرس نے پانچ، جانسن نے تین اور نیتھن لیون نے دو وکٹیں حاصل کیں

اتوار 5 جنوری 2014 13:05

سڈنی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5 جنوری ۔2014ء) ایشز سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 281 رنز سے شکست دیکر ایشز سیریز 5-0سے جیت لی ہے ،انگلینڈ کے بلے باز آسٹریلیا کے بولروں کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئے اور اس کی وکٹیں خزاں کے پتوں کی طرح گرتی رہیں۔سڈنی میں کھیلے گئے میچ کے تیسرے روز چائے کے وقفے پر انگلینڈ نے تین وکٹوں کے نقصان پر 87 رنز بنائے تھے۔

چائے کے وقفے کے بعد انگلینڈ کی باقی سات وکٹیں مجموعی سکور میں صرف 79 رنز کا اضافہ کر سکیں اور اس کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 166 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی۔انگلینڈ کی جانب سے ایلسٹر کک اور مائیکل کاربیری نے دوسری اننگز کا آغاز کیا۔انگلینڈ کا آغاز اچھا نہ تھا اور صرف سات رنز کے مجوعی سکور پر ایلسٹر کک سات رنزبنا کر آوٴٹ ہو گئے۔

(جاری ہے)

انگلینڈ کو 37 رنز کے مجموعی سکور پر دوسرا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب ائین بیل 16 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے دوسری اننگز میں ہیرس نے پانچ، جانسن نے تین اور نیتھن لیون نے دو وکٹیں حاصل کی اس سے پہلے آسٹریلیا کی جانب سے کرس راجرز اور جارج بیلے نے اتوار کو تیسرے دن کے کھیل کا آغاز کیا۔آسٹریلیا کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 276 رنز بنا کر آوٴٹ ہو گئی اور اس نے انگلینڈ کو جیتنے کیلئے 448 رنز کا ہدف دیا۔آسٹریلیا کی جانب سے دوسری اننگز میں کرس راجرز نے 15 چوکوں کی مدد سے 119 اور جارج بیلے نے چھ چوکوں کی مدد سے 46 رنز بنائے ان دونوں کے علاوہ آسٹریلیا کے دیگر بلے باز دوسری اننگز میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے۔

آسٹریلیا کے چھ بلے بازوں کا ہدف دوہرے ہندسے تک نہ پہنچ سکا۔انگلینڈ کی جانب سے دوسری اننگز میں بورتھ وک نے تین، جیمز اینڈرسن، سٹوارٹ براڈ اور بین سٹوکس نے دو دو کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا اس سے قبل انگلینڈ نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔آسٹریلیا کی شروعات اچھی نہیں تھی تاہم سٹیون سمتھ کے 115 رنز اور بریڈ ہیڈن کے 75 رنزکی بدولت آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 326 رنز بنائے۔انگلینڈ کی جانب سے پہلی اننگز میں سٹوکس نے چھ، سٹوارٹ براڈ نے دو اور اینڈرسن اور بورتھ وک نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٴٹ کیا۔انگلینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 155 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی تھی اور یوں آسٹریلیا کو انگلینڈ پر 171 رنز کی برتری حاصل ہوئی تھی۔

متعلقہ عنوان :