بنگلا دیش میں عام انتخابات کیلئے پرتشدد حالات میں ووٹنگ جاری، پولیس کی فائرنگ سے 4 مظاہرین ہلاک

اتوار 5 جنوری 2014 12:39

ڈھاکا(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5جنوری۔2014ء) بنگلا دیش میں عام انتخابات کے لیے ووٹنگ کا عمل شروع ہوگیا جس کے فوراً بعد ہی اپوزیشن اراکین سڑکوں پر نکل آئے، دارالحکومت ڈھاکا میں پولیس اور اپوزیشن حامیوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک ہوگئے۔بنگالی میڈیا کے مطابق حکمران جماعت عوامی لیگ کی سربراہ اور وزیراعظم حسینہ واجد نے اپوزیشن لیڈر خالدہ ضیا کو نظر بند کردیا تاہم بنگلا دیش نیشنلسٹ پارٹی سمیت 20 اتحادی جماعتیں پہلے ہی انتخابات کا بائیکاٹ کر چکی ہیں، حکمران جماعت نے ووٹنگ کو پرامن رکھنے کے لیے 50 ہزار فوجی اہلکاروں کو پولنگ اسٹیشنوں پرتعینات کردیا ہے۔

ملک کے مختلف حصوں میں حکمران اور اپوزیشن جماعتوں کے کارکنان کے درمیان شدید تصادم میں اب تک سیکروں افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ پولنگ سے قبل اپوزیشن جماعت کے حامیوں نے متعدد پولنگ اسٹیشن نذر آتش کر دئے ہیں،جھڑپوں کے باعث بیشتر شہروں میں کاروباری مراکز اور دکانیں بند ہیں جبکہ عوام میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے،دوسری جانب سیکیورٹی فورسز نے کریک ڈاؤن کے دوران اپوزیشن جماعتوں کے سیکڑوں کارکنان کو بھی حراست میں لے رکھا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اپوزیشن اراکین کے بائیکاٹ کے بعد پارلیمنٹ کی 300 نشستوں میں سے 153 پر حکمران جماعت عوامی لیگ کے امیدواروں کے کامیاب ہونے کا امکان ہے۔

متعلقہ عنوان :