جنوبی ایشیاء کے پائیدار امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے،چوہدری منظور احمد

جمعہ 3 جنوری 2014 17:33

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 3جنوری 2014ء) پاکستان مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے مرکزی نائب صدر چوہدری منظور احمد نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیاء کے پائیدار امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔ بھارت اپنی افواج کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں آئے روز انسانی حقوق کی سرعام پامالی کررہا ہے۔ نہتے مظلوم کشمیریوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے ۔

مقبوضہ وادی میں گمنام قبروں کی دریافت عالمی امن کے دعویدار نوٹس لیں‘مقبوضہ وادی میں ہندوستان کی جانب سے انسانیت سوز سلوک پرعالمی دنیا کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔ گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 5 جنوری 1949 کو اقوام متحدہ نے کشمیریوں کے حق میں جو قرارداد منظور کی تھی تاحال اس پر عملدرآمد نہ ہونا سوالیہ نشان ہے؟ بھارت بندوق کے زورپر کشمیریوں سے ان کا پیدائشی حق چھیننے کی ناکام کوششیں کررہا ہے۔

(جاری ہے)

کشمیر کی آزادی کیلئے کشمیریوں نے لاکھوں انسانی جانوں کی قربانی دی۔ سینکڑوں اپاہج ہوئے‘ ہزاروں گھر سے بے گھر ہوئے ۔ آج بھی پوری وادی میں کشمیری اپنے پیدائشی حق کیلئے سراپا احتجاج ہیں اور دنیا کی کوئی بھی طاقت کشمیریوں کو ان کے پیدائشی حق سے زیادہ دیر تک محروم نہیں رکھ سکتی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ وادی میں بھارتی افواج کی جانب سے ماؤں سے ان کے لخت جگر اور بہنوں سے ان کے بھائیوں کو چھیننا عام سی بات ہے۔ چوہدری منظور احمد نے کہا کہ عالمی دنیا مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ پاک بھارت دو بڑی ایٹمی طاقتیں ہیں دونوں کے ٹکرا جانے سے پوری دنیا کا امن تباہ ہوسکتا ہے۔