راولپنڈی، عوام کو انصاف کی جلد فراہمی میں وکلاء کا کردار نہایت اہم ہے ،حاجی محمد گلزار اعوان

جمعہ 3 جنوری 2014 17:29

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 3جنوری 2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی راہنماء اور حلقہ این اے 57 کے سابق امیدوار حاجی محمد گلزار اعوان نے کہا ہے کہ عوام کو انصاف کی جلد فراہمی میں وکلاء کا کردار نہایت اہم ہے ․ فراہمی انصاف کے عمل کو تیز بنانے کیلئے ضروری ہے کہ حکومت وکلاء کے مسائل پر فوری توجہ دے اور انہیں درکار سہولیات فوری فراہم کی جائیں ․ انہوں نے یہ بات لاہور ہائی کورٹ بار سے تعلق رکھنے والے وکلاء کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ․ انہوں نے کہا کہ عدلیہ کی بحالی کی تحریک میں وکلاء نے سول سوسائٹی اور سیاسی جماعتوں کے ہمراہ مل کر جو کردار ادا کیا آج اسی کا نتیجہ ہے کہ ملک میں عدلیہ کی آزادی موجود ہے ․ انہوں نے کہا کہ اب عدلیہ کی اس آزادی کو تحفظ دینا جہاں خود عدلیہ کے ذمہ ہے وہیں وکلاء کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ عدلیہ کی آزادی کو برقرار رکھنے کیلئے فعال کردار ادا کرتے رہیں ․ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت سپریم کورٹ کے واضح احکامات کے باوجود بلدیاتی الیکشن کروانے سے کترا رہی ہے ․ وکلاء کو چائییے کہ وہ جمہوریت کے ان بنیادی اداروں کے قیام کیلئے بھی اپنی آواز بلند کریں اور اعلی عدلیہ کے احکامات پر عمل درآمد کیلئے حکومت پر اپنا دباؤ ڈالیں ․ حاجی گلزار اعوان نے کہا کہ میں نے اپنی سیاسی حیثیت کے علاوہ بھی وکلاء کی ہر تحریک میں ان کا ساتھ دیا اور آئیندہ بھی جب کبھی وکلاء نے آواز دی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہونگا ۔

متعلقہ عنوان :