پرویز مشرف راہ فرار کی تلاش میں ہیں اور وہ بہت جلد بیرون ملک چلے جائیں گے، آغا سراج درانی

جمعہ 3 جنوری 2014 15:53

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 3جنوری 2014ء) اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے کہا ہے کہ جیلیں صرف سویلین کے نہیں قانون سب کے لئے برابرہوتاہے جب کہ پرویزمشرف راہ فرار کی تلاش میں ہیں اور وہ بہت جلد بیرون ملک چلے جائیں گے۔سندھ اسمبلی میں چینی وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے آغا سراج درانی کا کہنا تھا کہ سابق صدر پرویز مشرف نے کبھی جیل کی ہوا نہیں کھائی، اگر جیل گئے تو قید کی اذیت معلوم ہوجائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت پرویز مشرف کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرے تاکہ وہ مقدمات کا سامنا کرسکیں۔ ایک سوال کے جواب میں آغاسراج درانی نے کہا کہ ایم کیو ایم کے رہنماؤں کو بیرون ملک بیٹھ کر پیپلزپارٹی کی قیادت کے خلاف بیانات نہیں دینےچاہئیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پرویز مشرف کو دل کی تکلیف کے باعث اسپتال منتقل کرنے کے بعد بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا تھاکہ پرویز مشرف بزدل اور ان کی بیماری ڈرامہ ہے حقیقت جاننے کےلئے بورڈ تشکیل دیا جائے جس کے جواب میں ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کو بزدلی کا طعنہ دیتے وقت بلاول بھٹو زرداری یہ نہ بھولیں کہ ان کے والد نے بھی مقدمات سے بچنے کے لئے پاگل پن کے سرٹیفیکیٹ عدالت میں پیش کئے تھے۔

متعلقہ عنوان :