جمعیت علما اسلام(س)کا تین رکنی وفد طالبان سے مذاکرات کے لیے جنوبی وزیرستان پہنچ گیا، کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے مرکزی ڈپٹی امیر شیخ خالد سمیت دیگر کمانڈروں سے ملاقاتیں، وفد کل شمالی وزیرستان جائے گا

جمعرات 2 جنوری 2014 22:34

پشاور(رحمت اللہ شباب۔اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2 جنوری ۔2014ء) جمعیت علما اسلام(س)کا تین رکنی وفد طالبان سے مذاکرات کے لیے جنوبی وزیرستان پہنچ گیا۔طالبان زرائع کے مطابق جے یوائی کا ایک وفد سینیٹرحامد الحق کی سربراہی میں جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا پہنچ گیا وفد نے آج مقامی امیر مولوی نذیر کی پہلی برسی میں بھی شرکت کرنے کے بعد کالعدم تحریک طالبان کے مرکزی ڈپٹی امیر شیخ خالد اور جنوبی وزیرستان کے امیر خالد سے اکیلے میں ملاقاتیں کی ۔

ملاقات کے دوران وفد نے وزیر اعظم کا پیغام پہنچایا۔ اس موقع پر طالبان امیروں نے صلاح ومشورے کے لیے پندرہ دن کا وقت مانگ لیا ۔مذکورہ وفد کل شمالی وزیرستان جائے گا جہاں وہ مقامی طالبان کے امیر حافظ گل بہادر، مقامی طالبان کمانڈر صادق نور، طالبان گروپوں ، علما کرام، قبائلی مشران کو اعتماد میں لیں گے اس حوالے سے جے یوائی (س)کے سربراہ مولانا سمیع الحق سے رابطہ کیا گیا انہوں نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ طالبان کے ساتھ رابطے شروع ہوگئے ہیں بات چیت مثبت انداز میں جاری ہے ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ہمیں وزیرستان وفد بھیجنے کی ضرورت نہیں ہے وہاں پر ہمارے ساتھی موجود ہیں جوکہ بات چیت کے عمل میں مصروف عمل ہے انھوں نے کہا کہ ہم میڈیا کے زریعے مذاکرات نہیں کرنا چاہتے ہیں ہم حقیقی معنوں میں مذاکرات کرنا چاہتے ہیں جب مذاکرات کامیاب ہو جائیں گے تو ہم خود میڈیا کوآگاہ کریں گے