کراچی ، رینجرز سے مبینہ مقابلے کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے دو کمانڈر ہلاک

جمعرات 2 جنوری 2014 15:48

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2 جنوری 2014ء) صوبائی دارالحکومت کراچی کے علاقے منگھوپیر میں رینجرز سے مبینہ مقابلے کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے دو کمانڈر ہلاک ہوگئے ، قبضے سے مختلف اقسام کے ہتھیار ، دستی بم اور کئی جعلی شناختی کارڈ برآمد ، ہلاک ہونے والے کمانڈروں کی شناخت سعید اللہ اور اعظم محسود کے نام سے ہوئی ، تعلق ولی الرحمان گروپ سے تھا۔

ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق منگھوپیر کے علاقے کنواری کالونی میں کالعدم تنظیم کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر رینجرز نے چھاپہ مارا،جس کے دوران دو طرفہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا،مقابلے کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے دو دہشت گرد مارے گئے۔ ترجمان کے مطابق مارے گئے دہشت گردوں کی شناخت سعید اللہ اور اعظم محسود کے نام سے ہوئی ہے،جن کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ولی الرحمان گروپ سے تھا۔

(جاری ہے)

ترجمان رینجرز کے مطابق مارے گئے دہشت گرد اور ن کا گروپ دہشت گردی کی کئی واردتوں میں ملوث رہ چکے ہیں۔ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی گئی۔ دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بھاری تعداد میں اسلحہ، دستی بم، مختلف ناموں کے جعلی شناختی کارڈز، جہادی لٹریچر اور بڑی تعداد میں گولیاں بھی برآمد ہوئی ہیں۔