قیام امن کیلئے حکومت طالبان سے مذاکرات میں سنجیدہ ہے، چوہدری نثار

بدھ 1 جنوری 2014 21:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم جنوری۔2014ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ حکومت قیام امن کے لئے طالبان سے مذاکرات میں سنجیدہ ہے اور ملک کے ایک ایک انچ کا دفاع کیا جائے گا.اسلام آباد میں چوہدری نثار سے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ملاقات کی۔ اس موقع پر طالبان سے مذاکرات اور قیام امن کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

چوہدری نثار نے کہا کہ حکومت طالبان سے مذاکرات میں سنجیدہ ہے اور مذاکرات کے زریعے امن کی بحالی چاہتی ہے، مذاکرات کے مخالف طالبان دھڑے سیاسی قیادت کے پیغام کا مثبت جواب دیں۔ وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ طالبان کے کچھ گروہ امن مذاکرات کی مخالفت کر رہے ہیں، مخالف طالبان دھڑے اپنا مائنڈ سیٹ تبدیل کریں، حکومت مذاکرات میں سنجیدہ ہے اس لئے دوسری جانب سے بھی مخالف دھڑے حکومتی کوششوں پر مثبت رد عمل دیں۔اس موقع پر جے یو آئی ف کے سربراہ نے طالبان سے مذاکرات کے لئے حکومتی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہرممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔