قرآن مجید کے اوراق کی مبینہ بے حرمتی کے واقعہ کا معاملہ ایرانی حکومت سے اٹھایا ہے،وزیراعلیٰ بلوچستان،صحابہ کرام اور قرآن مجید سے عقیدت، محبت اوراحترام کا جذبہ تمام مسلمانوں کیلئے یکساں ہے،ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ کی اہلسنت والجماعت کے وفد سے گفتگو

بدھ 1 جنوری 2014 20:46

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم جنوری ۔2014ء) وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ صحابہ  کرام اور قرآن مجید سے عقیدت، محبت اوراحترام کا جذبہ تمام مسلمانوں کیلئے یکساں اہم اور جذبہ ایمانی کا حصہ ہے۔ قرآن مجید کے اوراق کی مبینہ بے حرمتی کے دل خراش واقعہ کا معاملہ ایرانی حکومت سے اٹھایا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مولانا محمد رمضان مینگل کی قیادت میں ملاقات کرنے والے اہلسنت والجماعت کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اہلسنت والجماعت کے وفد نے وزیراعلیٰ بلوچستان کو اپنی جماعت کے لاپتہ کارکنوں اور قرآنی اوراق کی بے حرمتی سے متعلق اپنی تشویش سے آگاہ کیا۔ وفد نے بتایا کہ اگر کسی نے غیرقانونی عمل کا ارتکاب کیا ہے تو اسے ملکی قوانین کے مطابق عدالتوں میں پیش کرکے سزاد ی جائے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ لاپتہ افراد سے متعلق ان کا مؤقف بالکل واضح اور دوٹوک ہے جبکہ وزیراعظم میاں نواز شریف نے بھی اس مسئلے کے حل کی یقین دہانی کرائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں سیاسی ومذہبی قوتوں کے تعاون اور فورسز کی محنت کے نتیجہ میں امن امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے اور صوبائی حکومت امید کرتی ہے کہ مستقبل میں بھی یہی تعاون برقرار رہے گا۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے اہلسنت والجماعت کے قائدین کو 3جنو ری کے دھرنے کی کال پر نظرثانی کا کہتے ہوئے یقین دلایا کہ حکومت اہلسنت والجماعت کی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے اور انہیں حل کرنے کی سنجیدہ کوششیں کررہی ہے۔ وفد نے بھی وزیراعلیٰ کو تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

متعلقہ عنوان :