کوئٹہ، نئے سال کے پہلے دن ہی دہشتگرد، زائرین کی بس کے قریب دھماکا، 2 جاں بحق، متعدد زخمی، زائرین کی بس کو دھماکے سے شدید نقصان پہنچا ، بس میں آگ لگ گئی

بدھ 1 جنوری 2014 19:24

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم جنوری۔2014ء) نئے سال کے پہلے ہی دن کوئٹہ میں دہشتگردی، زائرین کی بس دھماکے سے اڑا دی گئی، 2 افراد جاں بحق، متعدد مسافر زخمی ہو گئے۔بلوچستان کے علاقے اختر آباد بائی پاس کے قریب ایران سے زائرین کو کوئٹہ لانے والی بس کو دہشتگردوں نے دھماکے سے اڑا دیا۔ زائرین کی بس کو دھماکے سے شدید نقصان پہنچا اور بس میں آگ لگ گئی۔

بس میں سوار 2 مسافروں کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ متعدد افراد زخمی ہو چکے ہیں جن میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں. واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں، بم ڈسپوزل سکواڈ کا عملہ جائے حادثہ پر پہنچ گیا اور ایمبیولینسوں کے ذریعے دھماکے میں جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمی افراد کو بولان میڈیکل ہسپتال منتقل کیا گیا۔

(جاری ہے)

ہسپتال میں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دی جا رہی ہے۔ دنیا نیوز کے ذرائع کے مطابق بس میں عورتوں اور بچوں کی بھی خاصی تعداد موجود تھی۔ دھماکے کی شدت کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے. ابتدائی اطلاعات کے مطابق دہشتگردوں نے دھماکا خیز مواد سڑک کنارے نصب کیا ہوا تھا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف, وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک, چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین نے کوئٹہ میں دہشتگردی کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت اور جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے شدید دکھ اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے. شیعہ علماء کونسل نے دہشتگردی کے واقعے کیخلاف تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے .