اسرائیلی وزیر دفاع نے فلسطینی متاثرین کی مدد کرنیوالے دو یورپی امدادی اداروں کو غیرقانونی اورحماس سے تعلق کے الزام میں بلیک لسٹ کردیا

بدھ 1 جنوری 2014 15:19

مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم جنوری 2014ء) اسرائیلی وزیر دفاع موشے یعلون نے فلسطینی متاثرین کی مدد کرنیوالے دو یورپی امدادی اداروں کو غیرقانونی اورحماس سے تعلق کے الزام میں بلیک لسٹ کردیا ۔ اسرائیلی اخبار ہارٹز کی رپورٹ کے مطابق کونسل برائے فلسطین، یورپ تعلقات سی ای پی آر اور یورپی مہم برائے انسداد معاشی ناکہ بندی غزہ کوغیرقانونی قرار دیتے ہوئے ان پرحماس کیساتھ تعلقات کے قیام کا بھی الزام عائد کیا گیاہے۔

(جاری ہے)

سی ای پی آر کا ہیڈ کواٹر بلجیم میں ہے جبکہ یورپی مہم برائے انسداد معاشی ناکہ بندی ناروے سے اپنی سرگرمیاں چلا رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق دونوں امدادی اداروں پر پابندی ان میں شامل کچھ افراد کے براہ راست حماس کیساتھ تعلق ہونے کی بناء پر عائد کی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق دونوں اداروں سے یورپی پارلیمنٹ کے کئی ارکان بھی وابستہ ہیں۔ یورپی مہم میں یورپی یونین کی پارلیمنٹ کے چار ارکان ادارے کے بورڈ آف ڈائریکٹر میں شامل ہیں۔ کچھ عرصہ قبل وہ امدادی سامان لے کر فلسطین پہنچے تو صہیونی فوج نے انہیں حراست میں لے لیا تھا۔