آل اندرہل ” سیرة النبی صلی اللہ علیہ وسلم “تقریری مقابلہ مورخہ 18جنوری کوڈڈیال میں ہوگا

بدھ 1 جنوری 2014 13:25

میرپور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم جنوری 2014ء) آل اندرہل ” سیرة النبی صلی اللہ علیہ وسلم “تقریری مقابلہ مورخہ 18جنوری 2014بوقت 9بجے صبح گورنمنٹ ہائی سکول رٹہ تحصیل ڈڈیال کے گراؤنڈ میں منعقد ہو رہاہے ۔یہ آزادکشمیر کا طلباء وطالبات کا سب سے بڑا تقریری مقابلہ ہوگا ۔جس میں تحصیل ڈڈیال کے طلباء وطالبات کثیر تعداد میں شرکت کریں گے ۔اس مقابلہ کی تقریب کی صدارت ڈپٹی کمشنر چوہدری گفتار حسین جبکہ مہمان خصوصی امتیاز حسین راجہ ایڈووکیٹ ہوں گے ۔

اس تقریری مقابلہ میں اول آنے والی خوش نصیب طالبہ کو مبلغ 50ہزار روپے اور اول آنے والے خوش نصیب طالبعلم کو مبلغ 50ہزار روپے نقد انعام دیاجائیگا ۔50,50ہزار کل ایک لاکھ روپے کاانعام چوہدری مطلوب حسین آف رٹہ کی طرف سے دیاجائیگا ۔

(جاری ہے)

اول ،دوم ،سوم آنے والی طالبات وطلباء کو سرٹیفکیٹ ،میڈل اور ان کے سکولز کو بھی میڈل اور دیگر انعامات دیئے جائیں گے ۔

جملہ تعلیمی اداروں کے سربراہان کو کمیٹی کی طرف سے خطوط لکھ دیئے گئے ہیں ۔تحصیل ڈڈیال کے تعلیمی اداراوں میں سیرة النبی کے موضوع پر ہونے والے اس مقابلہ کے حوالہ سے جملہ تعلیمی اداروں میں خاصا جوش وخروش پایاجاتا ہے ۔تعلیمی اداروں میں طلباء وطالبات کے مابین بھرپور تیاریوں کاآغاز کردیاگیا ہے ۔عوام علاقہ اندرہل میں تجس پایاجاتاہے کہ وہ کونسا خوش نصیب طالبعلم اور طالبہ ہوگی جو سیرة النبی کے موضوع پر اظہار خیا ل کرکے اول ،اول انعام حاصل کرکے 50,50ہزار روپے جیتنے کااعزاز حاصل کریں گے ۔

اس مبارک تقریب کے میزبان عبدالضمیر صدر معلم ہائی سکول رٹہ ،جاوید اقبال انصاری اور سابق اے ۔ای ۔او محمد افضل چغتائی میں تحصیل بھر کے عمائدین کو دعوتی کارڈ بھیجے جارہے ہیں ۔عوام وعلاقہ نے اس مثبت تعلیمی سرگرمی کو نہایت خوش آئندقرار دیا ہے جس کے طلباء وطالبات کے اذہان وقلوب پر نہایت مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔