افواج پاکستان کے کمالات صرف فضاؤں تک محدود نہیں، ہرمیدان میں صف اول ہیں ،وزیر اعظم نواز شریف ،شاہینوں کی پروازیں دیکھ کر دل کو اطمینان ہوتا ہے ، افواج ہر صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیارہے ،جے ایف تھنڈرہرقسم کے موسم میں پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ،جے ایف سیونٹین تھنڈر کی تیاری ایک قابل فخرکارنامہ ہے ،ہماری افواج ہر مشکل سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں ،موجودہ دور میں جنگی ایجادات اور حکمت عملیوں میں ترقی کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک کی دفاعی پالیسی تشکیل دی جا رہی ہے ،ہزاروں میل دور بیٹھ کر اورکسی بڑی فوج کی غیر مو جودگی میں بھی میدانِ جنگ میں اترا جا سکتا ، افواج پاکستان کی ہر ضرورت کو پورا کریں گے،وزیر اعظم محمد نواز شریف کا پاکستان ایرو ناٹیکل کمپلیکس کامرہ میں جے۔ ایف17جہازوں کی رول آؤٹ تقریب سے خطاب

بدھ 18 دسمبر 2013 14:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18دسمبر 2013ء) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ افواج پاکستان کے کمالات صرف فضاؤں تک محدود نہیں، ہرمیدان میں صف اول ہیں ،شاہینوں کی پروازیں دیکھ کر دل کو اطمینان ہوتا ہے ، افواج ہر صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیارہے ،جے ایف تھنڈرہرقسم کے موسم میں پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ،جے ایف سیونٹین تھنڈر کی تیاری ایک قابل فخرکارنامہ ہے ،ہماری افواج ہر مشکل سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں ،موجودہ دور میں جنگی ایجادات اور حکمت عملیوں میں ترقی کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک کی دفاعی پالیسی تشکیل دی جا رہی ہے ،ہزاروں میل دور بیٹھ کر اورکسی بڑی فوج کی غیر مو جودگی میں بھی میدانِ جنگ میں اترا جا سکتا ، افواج پاکستان کی ہر ضرورت کو پورا کریں گے۔

(جاری ہے)

ووہ بدھ کو پاکستان ایرو ناٹیکل کمپلیکس کامرہ میں جے۔ ایف17جہازوں کی رول آؤٹ تقریب سے خطاب کررہے تھے وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان ایرو ناٹیکل کمپلیکس میں، جے ایف 17کی رول آؤٹ تقریب میں شرکت، میرے لیے نہایت خوشی کا باعث ہے میں چیف آف ایئر سٹاف اورپی اے ایف کے ہنر مندوں کو 50جے ۔ ایف17 کی ملک میں تیاری اور ان جہازوں کی پاکستان ائیرفورس میں شمو لیت پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

یہ ایک قابل فخر کارنامہ ہے جس پر وہ بجا طور پر تحسین کے مستحق ہیں ۔وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان ائیرفورس کی تاریخ عزم و ہمت اورناقابل شکست جذبوں کی لافانی داستان ہے میں جب پاکستان کی فضاوٴں میں ان شاہینوں کو پرواز کرتے دیکھتا ہوں تو ان کی مہارت اورستاروں پہ کمند ڈالنے کا جذبہ مجھے یہ اطمینان دلا تا ہے کہ جب تک وطن کی ہواؤں میں ہماری ایئر فورس مو جود ہیں ، انشا اللہ پاکستان کی فضائیں محفوظ ہیں۔

وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان ائر فورس کے یہ کمالات صرف فضاوٴں تک محدود نہیں ہیں۔ہمارے جو انوں نے ثابت کیا ہے کہ طیارہ سازی کا میدان ہو یا ریڈار اور ڈرون جیسی ٹیکنالوجی،یہ کسی سے کم نہیں ہیں۔یہ ذہانت اور صلاحیت سے مالا مال ہیں اور یہ بات دنیا اچھی طرح جانتی ہے۔اسی صلاحیت اور جذبے پر اعتماد کرتے ہوئے،ہم نے اپنے گزشتہ دورِ حکومت میں،جے۔

ایف 17جیسے منصوبے کی منظوری دی تھی۔آج مجھے انتہائی خو شی ہو رہی ہے کہ یہ منصوبہ تکمیل کو پہنچ رہا ہے اور پاک فضائیہ کے ہنر مند قوم کے اعتماد پر ایک بار پھر پورا اترے ہیں۔جے۔ایف17جہازوں کی صورت میں نہ صرف ہمارا دفاع مضبوط ہوا ہے بلکہ اس کی وجہ سے پاکستان کی ہوا بازی کی صنعت کو بھی خاطر خواہ ترقی ملی ہے۔پچھلے دورِ حکومت میں جب ہم نے اس منصوبے کا آ غاز کرنا چاہا تو بہت سی سیاسی اوراقتصادی مجبوریاں ہمارے قدموں سے لپٹ رہی تھیں۔

ہم نے ان سب کو مسترد کرتے ہوئے،اس منصوبے کی منظوری دی کیونکہ پاکستان کا دفاع اورپاکستانی افواج کی ضروریات میرے لیے مقدم تھی۔آج میں پھر اس بات کا اعادہ کر تا ہوں کہ کل کی طرح آج بھی پاکستان کا دفاع ہمیں ہر بات سے زیادہ عزیز ہے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ ہماری افواج کسی بھی قسم کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار رہیں۔

اور اسی احساس کے ساتھ ہم اپنی افواج کوچاک و چوبند اور ہر بحران کے لیے تیار دیکھنا چاہتے ہیں۔دورِ حاضر میں جنگ کی فلاسفی اور حکمتِ عملی میں انقلاب آ چکا ہے۔گزشتہ کئی سالوں میں ائر فورس کی اہمیت میں غیر معمولی اضافہ ہواہے۔اس کے ساتھ ساتھ اس میدان میں نئی نئی ایجادات اور تحقیق نے بھی صورتِ حال کو یکسر بدل دیا ہے۔اب ہزاروں میل دور بیٹھ کر اورکسی بڑی فوج کی غیر مو جودگی میں بھی میدانِ جنگ میں اترا جا سکتا ہے۔

یہ محض ائر فورس اور جدید ٹیکنالوجی کی وجہ سے ہے۔ پاکستان اس سے بے خبر نہیں ہے۔ہمیں معلوم ہے کہ فرسودہ فلسفے اور قدیم حکمت ِ عملی کے ساتھ کوئی معرکہ سر نہیں کیا جا سکتا۔اس بات کا احساس کرتے ہوئے، پاکستان کی دفاعی حکمت عملی ترتیب دی جارہی ہے۔مجھے خوشی ہے کہ پاکستان کی برّیِ ،بحری اورفضائی افواج کی قیاد ت ان تبدیل ہوتے ہوئے حالات کا پورا ادراک رکھتی ہے اور ایک مشترکہ کمان کے تحت ایک مربوط حکمتِ عملی اختیار کیے ہوئے ہے۔

وزیر اعظم نے کہاکہ ہمارے جوان یہ بھی جانتے ہیں کہ پاکستان محض ایک ملک نہیں،ایک نظریہ بھی ہے۔ہمارے اسلاف نے ایک جدید اسلامی فلاحی ریاست کا خواب دیکھا تھا۔جو آنکھیں ایسی سرزمین کی حفاظت کے لیے بیدار رہتی ہیں،انہیں اللہ تعالیٰ کے ہاں سے بھی اجر ملتا ہے۔جدید مہارت اور ٹیکنالوجی کے ساتھ اپنے ملک سے نظریاتی وابستگی، پاکستان کی افواج کو ایک ایسی قوت بنادیتی ہے جو اللہ تعالیٰ کی تائید کے ساتھ اپنی ملک کی حفاظت کے لیے میدان میں اترتی ہیں اور پھر موت بھی ان کے لیے دائمی زندگی بن جا تی ہے۔

نوازشریف نے کہاکہ جے ایف17جہازوں کی اندرون ملک تیاری ،خود کفالت اور صنعتی ترقی کی طرف پیش رفت کے ساتھ ساتھ ،عوامی جمہوریہ چین اور پاکستان کے درمیان خوشگوار دوستانہ تعلقات کی تاریخ میں ایک شاندار باب کا اضافہ بھی کرتی ہے ۔ پاکستان اور عوامی جمہوریہ چین کے درمیان لازوال دوستی کے سفر میں،ہم نے مختصر عرصے میں کئی سنگ میل عبور کیے ہیں۔

اِن میں گوادر بندرگاہ، چشمہ پاور منصوبہ ،قراقرم ہائی وے ، پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس اور کراچی سول نیو کلیئر پاور پلانٹ شامل ہیں۔ میرے حالیہ دورہ چین کے دوران دونوں برادر ممالک کے درمیان اہم نوعیت کے کئی منصوبوں پر اتفاق پایاکیا گیا تھا ۔ جن میں سب سے اہم خنجراب سے گوادر تک اقتصادی راہداری کی تعمیر ہے جس سے خطے کی ترقی پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے ۔

میں اس موقع پر اپنے نہایت با اعتماد اور قابل قدر دوست ملک چین کا جے۔ ایف17اور دیگر مشترکہ منصوبوں میں تعاون پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔پاکستان ایئر فورس ایک شاندار اور پر عزم تاریخ کی حامل ہے ۔میں نے جب اس باوقار تقریب میں شرکت کا ارادہ کیا تو مجھے قائد اعظم کی وہ تقریر یاد آئی جوانہوں نے 13 اپریل 1948ء کو رسال پور میں کی ۔وزیر اعظم نے کہاکہ افواج پاکستان کی ہر ضرورت کو پورا کریں گے اوراس کی عظیم روایات انشاء اللہ زندہ رہیں گی۔