نواب اکبربگٹی قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کی عدالت حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد، ہر صورت عدالت میں پیش ہونے کا حکم ‘عدم حاضری پر مشرف کے وکیل نے عدالت میں معافی کی درخواست جمع کرا دی، شوکت عزیز‘ اویس احمد غنی اور سابق ڈی سی او ڈیرہ بگٹی عبدالصمد لاسی کے وارنٹ گرفتاری جاری سماعت 30 ستمبر تک ملتوی

منگل 10 ستمبر 2013 13:24

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 10ستمبر 2013ء) کوئٹہ میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے اکبربگٹی قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کی عدالت حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کردی‘ہر صورت عدالت میں پیش ہونے کا حکم ‘عدم حاضری پر مشرف کے وکیل نے عدالت میں معافی کی درخواست جمع کرا دی‘عدالت نے سابق وزیراعظم شوکت عزیز‘ سابق گورنر اویس احمد غنی اور سابق ڈی سی او ڈیرہ بگٹی عبدالصمد لاسی کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت 30 ستمبر تک ملتوی کر دی۔

۔ منگل کو انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج طارق انور کاسی نے نواب اکبر بگٹی قتل کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے کیس میں تفتیشی ٹیم سے کیس میں پیشرفت کے حوالے سے استفسار کیا، عدالت میں پرویز مشرف کے وکیل نے عدالت سے اپنے مو?کل کو حاضری سے مستثنیٰ قرار دئیے جانے کی استدعا کی، تاہم عدالت نے اس حوالے سے اپنا پہلا حکم دہراتے ہوئے ایک بار پھر حکم دیا کہ پرویز مشرف اور دیگر نامزد ملزمان کو ہر صورت عدالت میں پیش کیا جائے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر عدالت کو تفتیشی ٹیم کی جانب سے بتایا گیا کہ کیس میں نامزد ملزمان شوکت عزیز اور اویس احمد غنی بیرون ملک قیام پزیر ہیں، تاہم عدالت نے اس حوالے سے حکم دیا کہ انہیں قانونی تقاضے پورا کرکے وطن واپس لایاجائے۔ جس کے بعد عدالت نے شوکت عزیز، اویس احمد غنی اور صمدلاسی کے ایک بار پھر وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔ کیس کی سماعت 30ستمبر تک ملتوی کردی گئی۔