یوم آزادی کے موقع پر واہگہ بارڈر پر تیز بارش کے باوجود قومی پرچم اتارنے کی تقریب میں ہزاروں افرادکی شرکت،آسمان پاکستان کامطلب کیا لا الہ اللہ ، پاکستان زندہ باد ، قائد اعظم زندہ باد ، علامہ اقبال زندہ باد، پاک افواج زندہ باد اوررینجرز زندہ باد کے نعروں سے گونجتا رہا، ملی نغموں کے دوران شرکاء انتہائی جوش وخروش میں پاکستان کے حق میں نعرے بازی کرتے اورجھومتے رہے

بدھ 14 اگست 2013 23:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔14اگست۔2013ء) یوم آزادی کے موقع پر واہگہ بارڈر پر تیز بارش کے باوجود قومی پرچم اتارنے کی تقریب میں ہزاروں افرادکی شرکت ،آسمان پاکستان کامطلب کیا لا الہ اللہ ، پاکستان زندہ باد ، قائد اعظم زندہ باد ، علامہ اقبال زندہ باد، پاک افواج زندہ باد اوررینجرز زندہ باد کے نعروں سے گونجتا رہا ۔ ملی نغموں کے دوران شرکاء انتہائی جوش وخروش میں پاکستان کے حق میں نعرے بازی کرتے اورجھومتے رہے ۔

پاکستان کے لئے قربانیاں دینے والے شہداء کوبھی زبردست خراج عقیدت پیش کیاگیا۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز یوم آزادی کے موقع پر واہگہ بارڈر پر قومی پرچم اتارنے کی تقریب سے قبل ہی ہزاروں کی تعداد میں لاہور اور دیگر شہروں سے تعلق رکھنے والے شہری جمع ہوگئے جنہوں نے ہاتھوں میں قومی پرچم ،قائد اعظم اورعلامہ اقبال کی تصاویر پکڑرکھی تھیں جبکہ واہگہ بارڈر پر قومی پرچم اتارنے کی تقریب میں شرکت کیلئے دوسر ے شہروں سے بھی کثیر تعداد نے شرکت کی جس کی وجہ سے جی ٹی روڈپر ٹریفک بندہوتی رہی ۔

(جاری ہے)

پرچم اتارنے کی تقریب کے موقع پر ڈی جی رینجرز پنجاب ہلال حسین سمیت رینجرز کے اعلیٰ حکام بھی موجودتھے اور اس موقع پر یوم آزادی کے حوالے سے ملی نغمے بھی سنائے گئے جس پر وہاں موجود ہزاروں شرکاء نے پاکستان ، قائد اعظم ، علامہ اقبال، فوج اور رینجرز کے حق میں نعرے بازی کی اورشدید بارش کے باوجود شرکاء کا جوش وخروش مثالی رہا۔اس موقع پر تقریب میں شرکت کیلئے آئے ہوئے رینجرز اہلکاروں کے ساتھ تصاویر اور پرچم اتارنے کی تقریب کی ویڈیوبھی بناتے رہے