بھارتی فوج، پارلیمنٹ اور سیاسی جماعتوں کے بعد بھارتی صدر پرناب مکھرجی بھی پاکستان کے خلاف میدان میں آ گئے،ہم پاکستان کو بتا دینا چاہتے ہیں ہمارے صبر کا پیمانہ اب لبریز ہو چکا ہے ،اپنی اندرونی سلامتی علاقائی سالمیت کا ہر صورت تحفظ کرینگے ،بھارتی صدر پرناب مکھر جی کا بھارت کے 67 ویں یوم آزادی کے موقع پر قوم سے خطاب

بدھ 14 اگست 2013 23:25

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔14اگست۔2013ء) بھارتی فوج، پارلیمنٹ اور سیاسی جماعتوں کے بعد اب بھارت کے صدر پرناب مکھرجی بھی پاکستان کے خلاف میدان میں آ گئے، ان کا کہنا ہے کہ ہم پاکستان کو مٹا دینا چاہتے ہیں کہ ہمارے صبر کا پیمانہ اب لبریز ہو چکا ہے اور اب اندرونی سلامتی اور علاقائی سالمیت کا ہر صورت تحفظ کیا جائے گا۔ بدھ کے روز انہوں نے بھارت کے 67 ویں یوم آزادی کے موقع پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن کے لیے ہمارا عزم پختہ ہے لیکن اب ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاکستان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے پڑوسی ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات قائم کرنے کی مسلسل کوششوں کے باوجود لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی اور سرحدوں پر کشیدگی جاری رہنی ہے اور یہ ختم نہیں ہوتی۔ اس قسم کے واقعات سے جانی نقصان ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے ۔ملکی سلامتی اور علاقائی سالمیت کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ پرناب مکھرجی نے کہا کہ امن کے لیے ہمارا عزم ناکام نہیں ہوا تاہم اب صبر کم ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی قریب میں اندرونی اور بیرونی سلامتی کو بڑے بڑے چیلنجز کا سامنا رہا ہے۔