ایبٹ آباد کمیشن کی رپورٹ کا افشاء ہونا عوام کی بڑی خدمت ہے ،حکومت کے رپورٹ جاری کرنے سے نام نہاد تنازعے کا خاتمہ ہوجائے گا،ایبٹ آباد کمیشن کی رپورٹ میرے لئے باعث رہنما ئی ہے ، جس نے بھی افشاء کی وہ قابل تعریف ہے،سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے کل ان کیمرہ اجلاس میں کسی حکومتی اہلکار یا سیکورٹی اسٹیبلشمنٹ کو دعوت نہیں دی ، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین کاانٹرویو

منگل 16 جولائی 2013 14:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 16جولائی 2013ء ) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین نے کہا ہے کہ ایبٹ آباد کمیشن کی رپورٹ کا لیک ہونا عوام کی بہت بڑی خدمت ہے ،حکومت کو سرکاری طور پر رپورٹ کو جاری کرکے اس نام نہاد تنازعے کا خاتمہ کرنا چاہئے ،ایبٹ آباد کمیشن کی رپورٹ میرے لئے باعث رہنما ئی ہے ، رپورٹ افشاء کرنے والا جو بھی ہے وہ قابل تعریف ہے ،سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع (آج ) بدھ کو ہونے والے اپنے ان کیمرہ اجلاس میں اس ایشو پر غور کریگی‘ اجلاس میں کسی حکومتی اہلکار یا سیکورٹی اسٹیبلشمنٹ کو شرکت کی دعوت نہیں دی گئی ۔

منگل کو اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ کمیٹی کی باڈی نے کسی حکومتی اہلکار یا سیکیورٹی اسٹیبلشمنٹ میں سے کسی کو اس اِن کیمرہ اجلاس میں شرکت کی دعوت نہیں دی ۔

(جاری ہے)

اس لیے کہ اس معاملے کی حساسیت کو دیکھتے ہوئے کمیٹی کے اراکین پہلے لیک ہونے والی رپورٹ کے مندرجات پر پہلے اندرونی طور پر خود بحث کریں گے اور اس معاملے پر مزید آگے بڑھنے کے لیے اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کریں گے۔

ایک سوال کے ذریعے جب ان کی توجہ لیک ہونے والی رپورٹ کے مستند ہونے یا نہ ہونے پر مبذول کروائی گئی تو انہوں نے کہا کہ حکومت کو سرکاری طور پر اس رپورٹ کو جاری کردینا چاہئیے، اس طرح اس نام نہاد تنازعے کا خاتمہ ہوجائے گا۔انہوں نے کہاکہ میرے لیے یہ لیک رپورٹ نہیں ہے بلکہ رہنما رپورٹ ہے۔ جس کسی نے اس رپورٹ کو میڈیا کے حوالے کیا ہے، اس نے عوام کی عظیم خدمت کی ہے۔

اس رپورٹ نے قوم کے سامنے سچ کو پیش کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جس طرح وہ ایڈورڈ سنوڈین کے پْرجوش حامی ہیں کہ جس نے امریکہ کی خفیہ الیکٹرانک نگرانی کے عمل کا انکشاف کیا، اسی طرح اس فرد کی بھی تعریف کی جانی چاہئیے کہ جس نے ایبٹ آباد کمیشن کی رپورٹ لیک کی۔انہوں نے کمیشن کے اراکین کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک کھری اور جرات مندانہ رپورٹ تیار کی۔