سوئس کیسز کی کوئی اہمیت نہیں، صدر زرداری، بطور صدر انتقال اقتدار پر بہت خوش ہیں۔ جمہوریت کے لئے صرف میاں نواز شریف نے ہی نہیں تمام جماعتوں نے ساتھ دیا، اگلی مدت کے لئے صدارتی انتخاب لڑنے کا حق نہیں بنتا، صدر آصف زرداری کا صحافیوں‌کے پینل کو انٹرویو

اتوار 2 جون 2013 23:08

کراچی(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔2جون۔2013ء) صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ بطور صدر انتقال اقتدار پر بہت خوش ہیں۔ جمہوریت کے لئے صرف میاں نواز شریف نے ہی نہیں تمام جماعتوں نے ساتھ دیا۔ اگلی مدت کے لئے صدارتی انتخاب لڑنے کا حق نہیں بنتا۔ کراچی میں صحافیوں کے پینل کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ جمہوریت کے لئے صرف میاں نواز شریف نے ہی نہیں تمام جماعتوں نے ساتھ دیا۔

ایک سوال کے جواب میں صدر زرداری کا کہنا تھا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ اگلی مدت کے لئے صدارتی انتخاب میں حصہ لینے کا ان کا حق بنتا ہے۔ اگر پارٹی نے ضروری سمجھا تو قیادت کریں گے نہیں تو ایک ورکر بن کر کام کریں گے۔ این آر او اور سوئس کیسز پر بات کرتے ہوئے صدر کا کہنا تھا کہ یہ وہی مقدمات ہیں جن میں وہ 8 سال سزا کاٹ چکے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ متنازع معاملہ ہے جس کی ان کی نظر میں کوئی اہمیت نہیں۔

بلوچستان کے معاملے پر اظہار خیال کرتے ہوئے صدر زرداری نے کہا کہ حکومت نے ان کے لئے بہت کچھ کیا۔ بلوچوں نے خود کچھ نہیں کیا۔ طالبان سے مذاکرات کے بارے میں صدر زرداری نے کہا کہ پہلے یہ نشاندہی کرلی جائے کہ کون سیاسی ہے کون نہیں کیونکہ ملی ٹینٹ بات چیت نہیں کرتا۔ ڈرون حملوں کے بارے میں امریکا سے مبینہ معاہدے پر صدر کا کہنا تھا کہ ایسا معاہدہ ان کی حکومت نے نہیں کیا۔

جنرل مشرف نے کیا ہو تو ان کی نظر سے نہیں گزرا لیکن سوال یہ ہے کہ اگر آپ نے ڈرون گرا دیا تو پھر کیا کریں گے۔ صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کے بارے میں فیصلہ نواز شریف نے کرنا ہے اور انہیں ہی دوسروں سے رابطہ بھی کرنا ہو گا۔ پرویز مشرف کی معافی کے حوالے سے صدر زرداری کا کہنا تھا کہ معافی کی درخواست آئی تو بحیثیت صدر وہ عمل کے پابند ہوں گے۔ اپوزیشن کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ نواز لیگ کے خلاف تعمیری اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے۔ کراچی کی ابتر صورت حال سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے صدر نے کہا کراچی کے حالات خراب کرنے میں غیر ریاستی عناصر کا عمل دخل ہے۔ صدر کا کہنا تھا کہ ان کے نزدیک سوئس کیسز کی کوئی اہمیت نہیں۔