وزیراعلیٰ سندھ کا ایران میں زلزلے سے قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر اظہارافسوس، متاثرین کی ہر ممکن مدد اور تعاون کی پیشکش، پاکستان اور ایران کے ہمیشہ برادرانہ اور دوستانہ اور اچھے تعلقات رہے ہیں ،پاکستان اور ایران کے مابین تجارتی سطح پر کافی گنجائش موجود ہے ، پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور ایگرو بیسڈ انڈسٹری کو زیادہ سے زیادہ فروغ دے کر ہم بہتر نتائج حاصل کر سکتے ہیں،نگراں وزیراعلیٰ سندھ زاہد قربان علوی کی ایران کے قونصل جنرل مہدی سبحانی سے ملاقات میں گفتگو

بدھ 17 اپریل 2013 22:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔17اپریل۔ 2013ء) نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) زاہد قربان علوی نے ایران میں آنے والے زلزلے کے نتیجے میں متعدد قیمتی انسانی جانیں ضائع ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کی مدد کے سلسلے میں ہر ممکن مدد اور تعاون کی پیشکش کی ہے اور کہاہے کہ پاکستان اور ایران کے ہمیشہ برادرانہ اور دوستانہ اور اچھے تعلقات رہے ہیں۔

پاکستان اور ایران کے مابین تجارتی سطح پر کافی گنجائش موجود ہے ، پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور ایگرو بیسڈ انڈسٹری کو زیادہ سے زیادہ فروغ دے کر ہم بہتر نتائج حاصل کر سکتے ہیں اور نقد فصلوں کو برآمد کرکے بھاری زرمبادلہ حاصل کیا جاسکتا ہے ، پاکستان میں زراعت کو جدید سائنسی خطوط پر استوار کر کے ترقی دینے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

وہ بدھ کو یہاں اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصل جنرل مہدی سبحانی سے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے ۔

ملاقات کے دوران آئندہ ہونے والے انتخابات ، ملک کی مجموعی باالخصوص صوبہ سندھ کی صورتحال سمیت مختلف باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نگران وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے ہمیشہ برادرانہ اور دوستانہ اور اچھے تعلقات رہے ہیں۔ نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے گذشتہ روز ایران میں آنے والے زلزلے کے نتیجے میں متعدد قیمتی انسانی جانیں ضائع ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایران کے قونصل جنرل سے کہا کہ مصیبت اور دکھ کی اس گھڑی میں ہم آپ کے ساتھ ہیں انہوں نے سندھ حکومت کی جانب سے ایران میں زلزلے کے متاثرین کی مدد کے سلسلے میں ہر ممکن مدد اور تعاون کی پیشکش بھی کی۔

نگران وزیراعلی سندھ نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے مابین تجارتی سطح پر کافی گنجائش موجود ہے اور پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور ایگرو بیسڈ انڈسٹری کو زیادہ سے زیادہ فروغ دے کر ہم بہتر نتائج حاصل کر سکتے ہیں اور نقد فصلوں کو برآمد کرکے بھاری زرمبادلہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں زراعت کو جدید سائنسی خطوط پر استوار کر کے ترقی دینے کی ضرورت ہے جس سے فصلوں کی زیاد ہ پیداوار حاصل ہوسکے گی۔

ایران کے قونصل جنرل نے اس موقع پر کہا کہ ایران میں گندم ، پھل ، چاول اور گوشت اور ٹیکسٹائل مصنوعات کی بہت زیادہ طلب ہے اور پاکستان مذکورہ اشیاء بڑے پیمانے پر برآمد کر سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاک۔ ایران گیس پائپ لائن کا منصوبہ جلد مکمل ہو جائیگا انہوں نے بتایا کہ 1200کلومیٹر میں سے 900کلومیٹر کا کام مکمل ہوچکا ہے اور امید ہے کہ 2014ئمیں پاکستان کے لوگ گیس کی سہولت سے مستفیض ہوسکیں گے۔

ایرانی قونصل جنرل نے مزید بتایا کہ ایران نے کراچی ۔ تہران پرواز کے ساتھ ساتھ کراچی ۔ مشہد براہ راست پروازیں بھی شروع کیں ہیں جس سے دونوں ممالک کے لوگوں کے لئے آسانیاں پیدا ہوگئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ چند ماہ میں 50ہزار سے زائد پاکستانیوں کو ایران کے ویزے جاری کئے گئے ۔ انہوں نے نگران وزیراعلیٰ سندھ سے حالیہ انتخابات کے حوالے سے بھی بات چیت کرتے ہوئے حکومت ایران کی جانب سے ہرممکن مدد اور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے انتخابات کے حوالے سے بتایا کہ نگراں حکومت کی اولین ترجیح صاف، شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کا انعقاد ہے اور اس مقصدکے لئے نگراں حکومت الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ساتھ ہرممکن مدد اور تعاون اور مکمل سپورٹ کرے گی اور انشاء اللہ پر امن اور شفاف الیکشن کے انعقاد کو یقینی بنائیں گے۔ آخر میں نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے ایران کے قونصل جنرل کو سندھ کے روائیتی تحائف سندھی ٹوپی اور اجرک پیش کی۔