حج کرپشن کیس میں کوئی گرفتاری نہیں ہوئی ،ریکوری کیسے ہو گی،چیف جسٹس

جمعرات 7 فروری 2013 15:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7فروری 2013ء) چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے کہا ہے کہ حج کرپشن کیس میں ریکوری ہوئی نہ ہی کوئی گرفتاری ، 46 کروڑ کی کرپشن ہو گئی ، ریکوری کیسے ہو گی، ایف آئی اے کے ڈائریکٹر لیگل کا کہنا تھا کہ تفتیشی افسر حسین اصغر چھٹی پر ہیں وہی پیش رفت سے آگاہ کر سکتے ہیں۔چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے حج کرپشن کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ حج کرپشن کیس میں پیش رفت کیوں نہیں ہوئی، ڈائریکٹر لیگل ایف آئی اے نے بتایا کہ حسین اصغر کو ان کی مرضی کی ٹیم دی گئی ہے،ٹرائیل بھی ہو رہا ہے اور کئی گواہان کے بیانات قلمبند کیے گئے ہیں،حسین اصغر چھٹی پر ہیں، وہ ہی پیش رفت سے آگاہ کر سکتے ہیں، عبدالقادر گیلانی کے وکیل حفیظ پیرزادہ کے معاون اورنگزیب حسن کا کہنا تھا کہ حسین اصغر حج کرپشن چھوڑ کر قادر گیلانی کی بی اے ڈگری کے پیچھے پڑ گئے ہیں۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ انہیں نوٹس دے رکھا ہے ، انہوں نے استفسار کیا کہ زین سکھیرا کی ڈگری کے معاملے پر بھی کوئی پیش رفت کیوں نہیں ہوئی۔مزید سماعت 25 فروری تک ملتوی کر دی گئی۔