کامران فیصل پر دباؤ ڈالنے والے ڈی جی نیب کوثر ملک کے بارے میں نئے انکشافات ،پٹارو کالج میں تعلیم حاصل کی ، پٹارو کالج کے کنکشن استعمال کر کے پہلے صدر کے دست راست پھر صدر تک پہنچے ،نیب میں بحریہ ٹاؤن کے مفادات کے ”نگران “ ہیں ، جنیوا سے صدر زرداری کے سوئس کیسز کا ریکارڈ غائب کرتے وقت واجد شمس الحسن کے ساتھ تھے

منگل 22 جنوری 2013 22:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔22جنوری۔2013ء) قومی احتساب بیور (نیب) کے رینٹل پاور کیس کے تفتیشی افسر کامران فیصل پر وزیراعظم کیخلاف اپنی رپورٹ واپس لینے کیلئے دباؤ ڈالنے والے نیب کے ڈائریکٹر جنرل (ہیڈکوارٹرز) کوثر ملک کے بارے میں نئے انکشافات ہوئے ہیں ۔ ذرئع کے مطابق کوثر ملک پٹارو کالج کے تعلیم یافتہ ہیں اسی کالج میں صدرآصف علی زرداری نے اپنی ابتدائی تعلیم حاصل کی تھی ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پٹارو کالج کے تعلق کو استعمال کرتے ہوئے کوثر ملک نے ملک کے سب سے بڑی پراپرٹی ٹرائیکون اور صدر زرداری کے دست راست کا اعتماد حاصل کیا اور پھر ان کے ذریعے صدر زرداری تک جا پہنچے ۔ ذرائع کے مطابق کوثر ملک بحریہ ٹاؤن میں رہائش پذیر ہیں اورنا کے بارے میں ذمہ دار حلقوں کو کہنا ہے کہ وہ نیب میں بحریہ ٹاؤن کے مفادات کے ”نگران “ ہیں ۔ کوثر ملک ایوان صدر کا جس قدر اعتماد رکھتے ہیں اس کا اندازہ اس سے بھی لگایا جا سکتاہے کہ تین سال قبل جب برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر واجد شمس الحسن نے جنیواسے صدر زرداری کیخلاف سوئس مقدمات کا ریکارڈ برطانیہ منتقل کیا تھا تو اس وقت واجد شمس الحسن کے ساتھ کوثر ملک بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

متعلقہ عنوان :