بلوچستان اسمبلی کا اجلاس قانون اور آئین کے مطابق بلایا،صوبائی حکومت بارے سپریم کورٹ کے عبوری آرڈر کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کرسکتا، کوئی ناراض بلوچ ملک باہر نہیں بیٹھا ،عطاء اللہ مینگل ، نواب خیر بخش مری ، جمیل اکبر بگٹی سمیت بڑے سردار پاکستان میں موجود ہیں ،اغواء برائے تاوان میں جو بھی گروپ ملوث ہے سخت کارروائی ہونی چاہیے ،گورنر بلوچستان نواب ذوالفقار مگسی کی صحافیوں سے بات چیت

بدھ 12 دسمبر 2012 21:59

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔12دسمبر۔ 2012ء) گورنر بلوچستان نواب ذوالفقار مگسی نے کہا ہے کہ انہوں نے منتخب ارکان کی درخواست پر صوبائی اسمبلی کا اجلاس قانون اور آئین کے مطابق بلایا،صوبائی حکومت بارے سپریم کورٹ کے عبوری آرڈر کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کروں گا ، کوئی ناراض بلوچ ملک باہر نہیں بیٹھا ،عطاء اللہ مینگل ، نواب خیر بخش مری ، جمیل اکبر بگٹی سمیت بڑے سردار پاکستان میں موجود ہیں ،اغواء برائے تاوان میں جو بھی گروپ ملوث ہے اس کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے ۔

وہ بدھ کوتعمیر نو کالج کوئٹہ میں طلباء میں میڈل تقسیم او رگرلز کالج میں نئے بلاک کی افتتاح کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے ۔گورنربلوچستان نے کہا کہ بلوچستان حکومت کے بارے میں سپریم کورٹ کے عبوری حکم پر کوئی تبصرہ نہیں کروں گا میں نے اسمبلی کا اجلاس آئین اور قانون کے مطابق بلایا تھا کیونکہ منتخب نمائندوں نے اسمبلی اجلاس بلانے سے متعلق تحریری درخواست دیدی تھی اس لئے میں پابند تھا کہ اجلاس بلاؤں میں نے جو کچھ کیا وہ آئین اور قانون کے مطابق کیا اسمبلی اجلاس سے متعلق سپیکر محمد اسلم بھوتانی کا اپنا موقف تھا ۔

(جاری ہے)

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ عوام آنے والے انتخابات میں سوچ سمجھ کر ووٹ کا استعمال کرے اور نااہل وکرپشن میں ملوث لوگوں کو مسترد کردے جب عوام ہی کرپٹ لوگوں کو ووٹ دیں گے تو پھر گلہ کس سے کیا جاسکتا ہے؟ ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے باہر بیٹھے بلوچ ناراض نہیں بڑے اور بزرگ نواب خیر بخش مری ، سردار عطاء اللہ مینگل ، جمیل اکبر بگٹی ، طلال اکبر بگٹی اور عالی بگٹی کے علاوہ خان آف قلات کے تمام خاندان اور بچے پاکستان میں موجود ہیں جن سے بات کی جاسکتی ہے ۔

ڈائریکٹر نیب کی بیانات پر صوبائی کابینہ کی تنقید سے متعلق گورنر ذوالفقار مگسی نے کہا کہ چونکہ جمہوری حکومت ہے کسی بھی مسئلے سے اختلاف یا حمایت وزراء سمیت ہر ایک کا جمہوری حق ہے ۔ سرکاری آفیسران کی غیر قانونی احکامات نہ ماننے سے متعلق گورنر ذوالفقار مگسی نے کہاکہ اس طرح کے احکامات دینے چاہیے اور نہ ہی ماننے چاہیے ۔اس موقع پر گورنر نے تعمیر تعلیمی ٹرسٹ کے لئے 2کروڑ جبکہ طلباء کے لئے 10لاکھ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کی بہتری کیلئے میں اپنا کردار ادا رکرتا رہوں گا ۔ اغواء برائے تاوان سے متعلق نواب ذوالفقار مگسی نے کہا کہ جو بھی لوگ اس دھندے میں ملوث ہیں ان کے خلاف سخت کاروائی ہونے چاہیے ۔