مزارات پر حملے برداشت نہیں، طالبا ن دہشت گروں اور کالعدم تنظیموں کیخلاف کارروائی کی جائے ورنہ حکومت اپنی خیر منائے،امت مسلمہ میں اتحاد وقت کا تقاضا ہے ، جانیں قربان کر دیں گے نبی پاک کی شان میں گستاخی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، طالبان پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں مگر ہم پاکستان بچائیں گے،سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حاجی فضل کریم کا پاکستان بچاؤ ٹرین مارچ کے ساتھ ملتان پہنچنے پر خطاب

پیر 15 اکتوبر 2012 16:06

ملتان (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین، آئی این پی ۔15اکتوبر 2012ء) سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حاجی فضل کریم نے کہا ہے کہ مزارات پر حملے برداشت نہیں، طالبا ن دہشت گروں اور کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی کی جائے ورنہ حکومت اپنی خیر منائے،امت مسلمہ میں اتحاد وقت کا تقاضا ہے ، جانیں قربان کر دیں گے نبی پاک کی شان میں گستاخی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، طالبان پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں مگر ہم پاکستان بچائیں گے۔

وہ پیر کو پاکستان بچاوٴ ٹرین مارچ کی قیادت کرتے ہوئے ملتان پہنچنے کے بعد ریلوے سٹیشن پر کارکنوں سے خطاب کررہے تھے۔ ٹرین مارچ کے ملتان پہنچنے پر سنی اتحاد کونسل سمیت مختلف مذہبی تنظیموں نے شرکاء کا شاندار استقبال کیا۔ اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حاجی فضل کریم نے کہا ٹرین مارچ کا مقصد عالمی دنیا کو یہ باور کرانا ہے کہ کراچی سے خیبر تک مسلمان متحد ہیں اور کٹ مریں گے مگر پیغمبراسلام کی شان میں گستاخی ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی میں کالعدم تنظیموں نے ان کے پوسٹر اور بینر پھاڑ دیئے۔ کالعدم تنظیموں کے کارروائیوں پر حکومت خاموش رہی تو پھر وہ اپنی خیر منائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈرون حملے عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔ امریکی کارروائیوں کی وجہ سے انتہا پسندی جنم لے رہی ہے ۔امریکہ کو لگام دینا اور اس کی ڈکٹیشن پر چلنے سے انکارکرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا الطاف حسین تو آج طالبان کے خلاف ایکشن کی بات کر رہے ہیں مگر وہ ۴ سال پہلے مطالبہ کر چکے ہیں کہ دہشت گرد طالبان کے خلاف آپریشن ضرور ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دہشت گرد افغان جہاد کے نام پر پیدا ہوئے ہیں ان کے بڑوں نے قیام پاکستان کی مخالفت کی تھی اس لئے یہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں ۔مگر ہم پاکستان بچائیں گے۔

صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ ملالہ یوسف زئی پر حملہ غلط ہے اس سے ملک کا وقار مجروح ہواہے۔مگر مزارات، سیکورٹی فورسز، ملتان میں آئی ایس آئی کے دفتر پر حملے ہوئے ہیں وہ بھی پاکستانی ہیں ۔ ملالہ کا کیس لڑنا چاہیے اس لے لئے ہم نے فتوے بھی دیئے ہیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ ملک میں اور بھی کئی ملالائیں ہیں، یتیم بے سہارا بچے ہیں جن کی خاندان دہشت گروں کا نشانہ بن گئے ہیں ان کی بھی مدد کی جانی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ملتان اولیاء کرام کی دھرتی ہے جہاں سے اسلام کی شمعیں روشن ہوئیں جو آج اس شہر کی وجہ سے روشن ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مزارات پر حملے کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ مسلمانوں میں اتحاد وقت کا تقاضا ہے کیونکہ جس قوم کے اندر اتحاد اور ڈسپلن ہو تو اسے کوئی بھی نیست و نابود نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی بقاء اور سلامتی کے لئے خون کا آخری قطرہ بھی بہانہ پڑا تو جان و مال قربان کر دیں گے۔