عالمی برادری توہین رسالت کو عالمی سطح پر جرم قرار دے، مسلمانوں کے لیے توہین رسالت ناقابل قبول ہے، یہ آزادی رائے نہیں بلکہ فساد فی الارض ہے، آزادی اظہار کا یہ مطلب نہیں کہ برگزیدہ ہستیوں کو نشانہ بنا کر شر پسندمقاصد کیلئے استعمال کیاجائے، کوئی منتخب اور عوامی حکومت عوام کے جذبات سے لاتعلق نہیں رہ سکتی، آج دنیا مذہبی شدت پسندی کے خطرے سے دوچار ہے، شدت پسندی کی ایک وجہ دوسرے مذاہب کا احترام نہ ہونا بھی ہے، شر پسند عناصر نے کائنات کی سب سے عظیم ہستی کو نشانہ بنایا جسے دنیا کی کوئی طاقت نقصان نہیں پہنچا سکتی، ہولوکاسٹ کا ذکر تو نہیں ہونے دیاجاتا تو مسلمانوں کے جذبات کا بھی احساس کیا جانا چاہئے ، توہین رسالت کیخلاف پاکستان کا ردعمل اس کا حق ہے، دنیا کے ہرمذہب، عقیدے اور مقدس ہستی کا احترام لازمی ہونا چاہیے، پاکستان واحد اسلامی ملک ہے جس نے سرکاری سطح پر احتجاج کیا، یہی نہیں بلکہ صدرزرداری اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں آوازاٹھائیں گے۔ وزیر اعظم نے متنبہ کیا کہ اس سلسلے کونہ روکاگیاتودنیا میں کسی ہستی کااحترام باقی نہیں رہیگا، وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کا کنونشن سنٹر میں عشق رسول کانفرنس سے خطاب

جمعہ 21 ستمبر 2012 22:36

وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ توہین رسالت کو عالمی سطح پر جرم قرار دیا جائے، مسلمانوں کے لیے توہین رسالت ناقابل قبول ہے، یہ آزادی رائے نہیں بلکہ فساد فی الارض ہے، آزادی اظہار کا یہ مطلب نہیں کہ برگزیدہ ہستیوں کو نشانہ بنا کر شر پسندمقاصد کیلئے استعمال کیاجائے، کوئی منتخب اور عوامی حکومت عوام کے جذبات سے لاتعلق نہیں رہ سکتی، آج دنیا مذہبی شدت پسندی کے خطرے سے دوچار ہے، شدت پسندی کی ایک وجہ دوسرے مذاہب کا احترام نہ ہونا بھی ہے، شر پسند عناصر نے کائنات کی سب سے عظیم ہستی کو نشانہ بنایا جسے دنیا کی کوئی طاقت نقصان نہیں پہنچا سکتی، ہولوکاسٹ کا ذکر تو نہیں ہونے دیاجاتا تو مسلمانوں کے جذبات کا بھی احساس کیا جانا چاہئے ، توہین رسالت کیخلاف پاکستان کا ردعمل اس کا حق ہے، دنیا کے ہرمذہب، عقیدے اور مقدس ہستی کا احترام لازمی ہونا چاہیے، پاکستان واحد اسلامی ملک ہے جس نے سرکاری سطح پر احتجاج کیا، یہی نہیں بلکہ صدرزرداری اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں آوازاٹھائیں گے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے متنبہ کیا کہ اس سلسلے کونہ روکاگیاتودنیا میں کسی ہستی کااحترام باقی نہیں رہیگا۔ وہ جمعہ کو کنونشن سنٹر میں عشق رسول کانفرنس سے خطاب کررہے تھے جس میں بڑی تعداد میں علماء کرام کے علاوہ سفارتکاروں ، وفاقی وزراء اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں بوجھل دِل کے ساتھ آپ سے مخاطب ہوں کیونکہ چند شر پسند عناصر نے کائنات کی اس عظیم الشان ہستی کو اپنے مذموم عزائم کا ہدف بنایا ہے، جن کو اللہ تعالیٰ نے مقام ِمحمود پر فائز کیا ہے اور جن پر اللہ اور اس کے فرشتے ہر وقت درود و سلام بھیجتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہولو کاسٹ سے انکار پر تو سزا دے دی جاتی ہے مگر مسلمانوں کے جذبات کا کوئی خیال نہیں۔ اسلام تو اپنے ماننے والوں کو تمام مذاہب اور ان کی مقدس ہستیوں کی عزت واحترام کی نہ صرف تلقین کرتا ہے بلکہ اس کو ایمان کا حصہ قرار دیتا ہے۔اسلام ہمیں دیگر اقوام کے ساتھ حسن سلوک اور رواداری کا پابند بناتاہے اور کسی کی دل آزاری کو گناہ عظیم قرار دیتا ہے