آزادی سمیت پاکستان کے ہرشعبہ کو مقبوضہ بنادیا گیا، مسلح افواج، آئی ایس آئی، سیاسی ومذہبی جماعتیں اور تاجربرادری پاکستان کو مزید ٹوٹنے سے بچانے اور ملک وقوم کو خوشحال بنانے کی عملی جدوجہد کریں ،دہشت گردوں کی مدد بند کردی جائے، تمام صوبوں کومکمل خودمختاری دی جائے، عدلیہ اورپارلیمنٹ کے مابین محاذ آرائی کودوستی میں تبدیل کردیا جائے، ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کا خدمت خلق فاوٴنڈیشن کے تحت سالانہ امدادی پروگرام سے خطاب

اتوار 12 اگست 2012 22:41

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ آزادی سمیت پاکستان کے ہرشعبہ کو مقبوضہ بنادیا گیا،مسلح افواج، آئی ایس آئی، سیاسی ومذہبی جماعتیں اور تاجربرادری پاکستان کو مزید ٹوٹنے سے بچانے اور ملک وقوم کو خوشحال بنانے کی عملی جدوجہد کریں،دہشت گردوں کی مدد بند کردی جائے، تمام صوبوں کومکمل خودمختاری دی جائے اورعدلیہ اورپارلیمنٹ کے مابین محاذ آرائی کودوستی میں تبدیل کردیا جائے، اسی میں پاکستان اور اس کے عوام کی بھلائی ہے ۔

وہ اتوارکو جناح گراوٴنڈ عزیزآباد میں خدمت خلق فاوٴنڈیشن کے تحت سالانہ امدادی پروگرام کے شرکاء سے ٹیلی فونک خطاب کررہے تھے ۔ تقریب میں مختلف ممالک کے سفارتکاروں، سیاسی ومذہبی رہنماوٴں ، سماجی شخصیات، تاجروں، صنعتکاروں، فنکاروں، کھلاڑیوں، دانشوروں ، قلمکاروں، صحافیوں اور زندگی کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے عمائدین کے علاوہ ایٹمی سائنسداں ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے بھی خصوصی طورپر شرکت کی۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں الطاف حسین نے کہاکہ پاکستان واقعتا نازک دور سے گزررہا ہے ، 1971ء میں بھی مجھ جیسے دیوانوں نے ارباب اختیارکو آگاہ کیا تھا کہ پاکستان پر کڑا اوربرا وقت ہے، اگر پاکستان کو بچانا ہے تو عقل وشعور سے کام لینا ہوگامگر اس وقت کی سول وعسکری شخصیات نے حقائق اور ملک کی سرحدوں پر منڈلانے والے خطرات کی نشاندہی پر کوئی توجہ نہیں دی اوربالآخر پاکستان دولخت ہوگیا۔ آج پھرملک اسی قسم کی نازک صورتحال سے دوچار ہے ، پاکستان میں بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ، غربت وافلاس، مہنگائی اور بے روزگاری سے عوام کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے