غیر ریاستی عناصر پاکستان اور بھارت کیلئے خطرہ ہیں‘بھارت سے بہتر تعلقات پاکستان کا اہم ہدف ہے،وزیراعظم، امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے والوں کا راستہ روکنا ہو گا، دونوں ملکوں کو مل کر مشترکہ دشمنوں سے لڑنا ہو گا، بزنس کانفرنس سے دونوں ممالک میں تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی، معاشی ترقی کیلئے خطے میں امن ضروری ہے،وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کاامن کی آشا کے تحت ہونے والی دو روزہ اقتصادی کانفرنس سے خطاب

پیر 7 مئی 2012 12:55

وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ بھارت سے بہتر تعلقات پاکستان کا اہم ہدف ہے، پاکستان اور بھارت کو غیر ریاستی عناصر سے خطرہ ہے، امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے والوں کا راستہ روکنا ہو گا، دونوں ملکوں کو مل کر مشترکہ دشمنوں سے لڑنا ہو گا۔ وہ پیر کو یہاں دو روزہ بزنس کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ کانفرنس میں دونوں ممالک کے ٹاپ بینکرز ،صنعتکار اورسیاسی قائدین شرکت کر رہے ہیں. وزیراعظم نے کہا کہ امن کی آشا میں شرکت میرے لئے اعزاز کی بات ہے اور اس کا افتتاح کر کے خوشی ہوئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بزنس کانفرنس سے دونوں ممالک میں تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔یہ کانفرنس دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں کے لئے اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی کے لئے خطے میں امن ضروری ہے اورعلاقائی مسائل کے خاتمے سے ترقی میں تیزی حاصل کی جاسکتی ہے۔ بزنس کانفرنس سے دونوں ملکوں کے درمیان امن عمل آگے بڑھے گا۔ انہوں نے کہاکہ غربت، جہالت پاکستان کے لوگوں کا مقدر نہیں ہونی چاہیے ہمارے لوگ غربت جہالت کے دلدل میں پھنسے ہوئے ہیں، عوامی تعاون سے غربت کے خاتمے میں مدد ملے گی،پاکستان نے معیشت کے میدان میں اہم سنگ میل عبور کیا ہے۔