کراچی،لیاری آپریشن میں آج مزید 5 افراد جاں بحق، پولیس اہلکاروں سمیت 40 زخمی، پولیس کو مزید کمک اور 5 بکتر بند گاڑیاں دینے کا فیصلہ، آپریشن کے خلاف شہر کے مختلف علاقوں میں احتجاج جاری

بدھ 2 مئی 2012 20:14

کراچی کے علاقے لیاری میں پولیس کا آپریشن جاری، آج ہلاکتوں کی تعداد 5 ہو گئی، 5 پولیس اہلکاروں سمیت 40 افراد زخمی ہو گئے ۔لیاری میں جرائم پیشہ عناصر پر قابو پانے کے لئے پولیس کو مزید کمک اور 5 بکتر بند گاڑیاں دینے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ منگل اور بدھ کی درمیانی شب تھانوں اور متاثرہ علاقوں میں راکٹ اور دستی بم حملوں میں خاتون سمیت 6 افراد زخمی ہو گئے تھے ۔

(جاری ہے)

آج لیاری پولیس آپریشن کے دوران جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہو گئی جبکہ پولیس اہلکاروں سمیت 40 کے لگ بھگ افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ کشیدہ صورتحال کے باعث لیاری میں ہونے والا نویں جماعت کا بیالوجی کا پرچہ بھی ملتوی کر دیا گیا۔ لیاری آپریشن کے خلاف شہر کے مختلف علاقوں میں احتجاج جاری ہے ۔ تھانوں اور مختلف علاقوں میں دستی بم حملوں کے بعد پولیس کی اضافی نفری چیل چوک اور لی مارکیٹ کے علاوہ کھارادر کے اطراف بھی تعینات کردی گئی ہے ۔ آپریشن کے دوران چیل چوک کے اطراف کے مکانات کے رہائش پذیر فائرنگ کے وقفے کے دوان نقل مکانی کر رہے ہیں جب کہ چیل چوک اور اس کے اطراف کے علاقوں میں 6 روز سے کاروبار مکمل بند ہے