عدلیہ سے کوئی لڑائی ہے نہ سیاسی شہادت کا ارادہ ہے، وزیراعظم، پاکستان میں اُسامہ بن لادن کی موجودگی سیکورٹی کی ناکامی ہے، شہباز شریف نے قبل ازوقت انتخاب کی بات براہ راست مجھ سے نہیں کی جو بھی فیصلہ ہو گا اتحادیوں کی مشاورت سے کریں گے، یوسف رضا گیلانی کی وزیراعظم ہاوٴس میں پریس کانفرنس

اتوار 15 اپریل 2012 23:12

وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ان کی عدلیہ سے کوئی لڑائی ہے نہ سیاسی شہادت کا کوئی ارادہ ، حکومت نے مہنگائی کے جن کو کنٹرول کر لیا،پاکستان میں اسامہ بن لادن کی موجودگی سیکورٹی کی ناکامی تھی۔وزیر اعظم ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان میں القاعدہ کا کوئی ہائی ویلیو ٹارگٹ نہیں ہونا چاہیے اس سے ہماری عالمی سطح پر بدنامی ہوتی ہے ۔

جس دن اسامہ بن لادن مارے گئے اس دن بیرون ملک پاکستانی منہ چھپائے پھر رہے تھے ۔ القاعدہ کے خلاف تمام اہداف سی آئی اے اور ہماری مشترکہ کارروائی سے حاصل ہوئے ہیں۔ امریکہ انتہائی اہم ملک اور ہمارا اتحادی ہے ہم چاہتے ہیں کہ آئندہ بھی امریکہ کے ساتھ باہمی احترام اور برابری کی بنیاد پر ساتھ چلیں۔

(جاری ہے)

نیٹو سپلائی کی بحالی کے سوال پر وزیر اعظم نے کہا کہ پارلیمنٹ نے ابھی قرارداد منظور کی ہے نیٹو سپلائی کا معاملہ دیکھیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے ساتھ ہماری کوئی لڑائی نہیں ہم عدلیہ کے بہت بڑے حامی ہیں۔ یاسمین عباسی کو سیکرٹری قانون اور عرفان قادر کو اٹارنی جنرل عدلیہ سے محاذ آرائی کے لیے تعینات نہیں کیا گیا ان کی تعیناتی ہمارا استحقاق ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سرائیکی صوبے کی حمایت کرنے پر الطاف حسین کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے قبل ازوقت انتخاب کی بات براہ راست مجھ سے نہیں کی جو بھی فیصلہ ہو گا اتحادیوں کی مشاورت سے کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ موسٰی گیلانی ہنی مون پر گئے ہوئے ہیں وہ جلد واپس آئیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ عبد القادر گیلانی پر بھی الزامات لگائے گئے ان کے خاندان پر کرپشن کا معاملہ عدالت میں ہے فیصلہ عدالت کرے گی