این آر او، وزیراعظم کیخلاف 16 اپریل کو حکم جاری کرینگے ، سپریم کورٹ

جمعرات 29 مارچ 2012 11:51

سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ سوئس حکام کوخط لکھنے کے فیصلے پر عمل نہ کرنے پر وزیر اعظم کے خلاف سولہ اپریل کو مناسب حکم جاری کیا جائے گا.این آر او عملدرآمد کیس کی سماعت جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 7 رکنی بینچ نے کی۔اٹارنی جنرل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی جاری ہے جس میں دیکھا جا رہا ہے کہ سوئس حکام کو خط لکھنے کا معاملہ قابل عمل ہے یا نہیں۔

(جاری ہے)

اس لیے توہین عدالت کیس کے فیصلے تک این آر او پر عملدرآمد کے احکامات موخر کیے جائیں۔ اس پر جسٹس ناصر الملک نے کہا کہ توہین عدالت کی کارروائی جاری رہنے سے وزیراعظم عملدرآمد کے احکامات سے بری الذمہ نہیں ہو سکتے ۔ جسٹس اعجاز افضل کا کہناتھا کہ جب عدالت نے کہہ دیا ہے کہ خط لکھنا ہے تو یہ فیصلہ حتمی ہے ۔ وزیراعظم اگر اب بھی حکم نہیں مانیں گے تو ان کے خلاف توہین عدالت کی نئی کارروائی شروع ہو سکتی ہے ۔