پشاور ، خودش حملے میں ایس پی رورل کالام خان شہید، ڈرائیور سمیت 3افراد زخمی ، دو مشکوک افراد گرفتار ،سیکیورٹی ہائی الرٹ ،تحریک طالبان پاکستان نے ایس پی رورل پر خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کر لی،معصوم لوگوں کی جانب سے کھیلنے والے اسلام کے پیروکار نہیں ہوسکتے ،صدر وزیر اعظم کی مذمت ،صوبے میں پائیدار امن دہشتگردوں کے صفائے سے جلد بحال ہوگا، وزیر اعلیٰ امیر حیدر ، صوبائی وزیر اطلاعات ، وزیر داخلہ سینیٹر اے رحمن ملک نے آئی جی خیبر پختونخواہ سے دھماکے کی رپورٹ طلب کرلی

جمعرات 15 مارچ 2012 15:09

صوبائی دارالحکومت پشاور کے علاقے پشتخرہ چوک میں خودکش حملے کے نتیجے میں ایس پی رورل کالام خان شہید اور ڈرائیور سمیت3افراد زخمی ہوگئے ، جائے واردات سے دو مشکوک افراد کو گرفتار کر کے صوبائی دارالحکومت میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ،تحریک طالبان پاکستان نے ایس پی رورل پر خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے جبکہ صدر مملکت آصف علی زر داری ، وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی ، وزیر داخلہ رحمن ملک ، وزیر اطلاعات ڈاکٹر فردوسق عاشق اعوان ، وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا امیر حیدر خان ، صوبائی وزیر اطلاعات میا ں افتخار حسین نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم لوگوں کی جانب سے کھیلنے والے اسلام کے پیروکار نہیں ہوسکتے ، دہشتگردوں کے مذموم مقاصد پورے نہیں ہونے دینگے ، دہشت گردوں کا جلد صفایا ہوگا اور صوبے میں پائیدار امن بحال ہوگا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق ایس پی کالام خان اپنی گاڑی میں حیات آباد سے پشتخرہ جا رہے تھے کہ ایک پیدل خود کش حملہ آور نے خود کو گاڑی سے ٹکرا دیا۔ دھماکے میں ایس پی کالام خان شہید اور ان کے ڈرائیور اور دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ ڈی سی او پشاور سراج احمد نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا دھماکے میں چھ کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ انہوں نے تصدیق کی کہ حملہ آور نے پیدل چل کر گاڑی کو نشانہ بنا یا جس میں ایس پی کالام خان شہید اور تین پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔