(ن )لیگ قومی کانفرنس بلانے سے پہلے کالعدم تنظیموں سے رابطے ختم کرے، قوم سے معافی مانگے،ڈاکٹر شیر افگن نیازی

اتوار 4 جولائی 2010 17:59

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔4جولائی۔2010ء) مسلم لیگ ( ق ) کے راہنما و سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر شیر افگن نیازی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن قومی کانفرنس بلانے سے پہلے کالعدم تنظیموں سے رابطے ختم کرے اور پھر قوم سے معافی مانگے۔ جب تک صدر زرداری اور میاں نواز شریف اپنے اثاثے واپس نہیں لاتے بحرانوں سے نجات نہیں مل سکتی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ڈاکٹر شیر افگن نیازی نے کہا کہ دہشت گرد طالبان نہیں درندے ہیں یہ امریکہ ،بھارت اور اسرائیل کے کہنے پر پاکستان میں درندگی کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بعض سیاسی اور مذہبی قوتیں دکھاوے کے لیے امریکہ کی مخالفت کرتی ہیں حالانکہ وہ امریکی ایجنڈے کی تکمیل پر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کو پیپلز پارٹی کی قیادت اور میاں نواز شریف کی رضامندی سے گاڈ آف آنر پیش کیا گیا ،وہ اس بات کو تسلیم کریں ، اب میاں نواز شریف کا یہ مطالبہ کہ پرویز مشرف کے خلاف غداری کا مقدمہ چلایاجائے حیران کن ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کراچی ٹارگٹ کلنگ میں سندھ حکومت کی اتحادی جماعتیں شامل ہیں اور بلوچستان میں ٹارگٹ کلنگ کرکے پنجابیوں کو مارا جارہا ہے۔وزیر اعلی بلوچستان وضاحت کریں کہ وہاں پنجابیوں کو بے گھر کرکے کیوں ماراجارہا ہے۔ لوڈشیڈنگ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اگر 400 ارب روپے آئی پی پیز کو ادا کردیے جائیں تو لوڈشیڈنگ ختم ہوجائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کو مفت میں رینٹل پاور دینے کی آفر کی گئی تھی مگر انہوں نے اس آفر کو اس لیے ٹھکرا دیا کہ اس سے بجلی مہنگی ہوجائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو صرف اور صرف پرویز مشرف ہی اپنی بہتر پالیسیوں کے ذریعے بحرانوں سے نکال سکتے ہیں ،موجودہ دور میں عوام بھی ان کے دور اقتدار کو یاد کررہی ہے۔ انشاء الله وہ بہت جلد وطن واپس آئیں گے ،گاڈ آ ف آنر لے کرجانے والے بھاگتے نہیں ہیں۔اس کے خلاف شور واویلا کرنے والے بھگوڑے خود معافی مانگ کر بھاگ گئے تھے۔

متعلقہ عنوان :