اے این پی کے سابق صدر اجمل خٹک کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی

پیر 8 فروری 2010 16:37

نوشہرہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔08 فروری۔ 2010ء) اے این پی کے سابق صدر اور بزرگ سیاستدان اجمل خٹک طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے، ان کی نمازہ جنازہ اکوڑہ خٹک میں اداکردی گئی ۔ اجمل خٹک پندرہ ستمبر انیس سو پچیس کو اکوڑہ خٹک میں پیدا ہوئے۔ سترہ سال کی عمر میں باچا خان کی خدائی خدمت گار تحریک سے وابستہ ہوئے۔ انیس سو بیالیس میں ہندوستان چھوڑدو تحریک میں فعال کردار ادا کیا۔

انہوں نے پشاور یونیورسٹی سے فارسی میں ایم اے کیا۔ انیس سو بہتر میں جے یو آئی اور نیپ کی مخلوط حکومت میں سرحد کابینہ کے رکن رہے۔ مختلف الزامات کے تحت سیاسی قید اور بعد میں جلاوطنی کی زندگی بھی گزاری۔ کافی عرصہ افغانستان سمیت مختلف یورپی ممالک میں بھی رہے۔ انہوں نے عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اور جنرل سیکریٹری کے عہدے پر فرائض انجام دیں۔

(جاری ہے)

سابق صدر پرویز مشرف سے ملاقات کے بعد اجمل خٹک شدید تنقید کا نشانہ بنے جس کے بعد انہوں نے پارٹی سے دوری اختیار کی اور نیشنل عوامی پارٹی کے نام سے اپنی جماعت بنالی تاہم بعد ازاں خان عبدالولی خان کے کہنے پر دوبارہ اے این پی میں شمولیت اختیار کی۔ مختلف اوقات میں اے این پی کی طرف سے ایم این اے اور سینیٹر رہے۔ اجمل خٹک نے اردو اور پشتو ادب میں تیرہ شاہکار کتابیں لکھیں۔ پشتو شعری مجموعوں میں \'دہ غیرت چغہ\' اور نثر میں \' دا زہ پاگل ووم\' ان کی مقبول کتابیں ہیں۔ انہوں نے روزنامہ انجام اور شہباز سمیت متعدد اخبارات میں کالم نویسی بھی کی۔

متعلقہ عنوان :