امریکہ پاکستان میں جاسوسی کا بڑا مرکز قائم کر رہا ہے ‘25ایکڑ زمین حاصل کر لی گئی‘ مرزا اسلم بیگ ،ڈرون حملے حکومت کی مرضی سے ہو رہے ہیں اگر حکومت چاہے تو یہ کل ہی بند ہو سکتے ہیں ‘ انٹر ویو

اتوار 28 جون 2009 19:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28جون۔2009ء) سابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل (ر) مرزا اسلم بیگ نے انکشاف کیا ہے کہ امریکہ پاکستان میں جاسوسی کا بڑا مرکز قائم کر رہا ہے ‘ امریکی سفارتخانے کے احاطے میں کمپلیکس بن رہا ہے جہاں 300افسران کے رہنے کے لئے جگہ میسر ہو گی ‘ ملاں عمر نے ایک 11رکنی وفد کے ذریعے بیت اللہ محسود کو مشورہ دیا تھا کہ وہ جنگ نہ کریں مگر وہ نہ مانے ‘ وزیرستان میں پاکستان کی افواج حکومت کی رٹ قائم کرنے میں کامیاب ہو جائیں گی ‘ ڈرون حملے حکومت کی مرضی سے ہو رہے ہیں اگر حکومت چاہے تو یہ کل ہی بند ہو سکتے ہیں ۔

ایک خصوصی انٹر ویو میں جنرل (ر) مرزا اسلم بیگ نے کہا کہ امریکہ نے اسلام آباد میں میریٹ اور پشاور پی سی میں اپنا جاسوسی مرکز قائم کرنے کی کوشش کی مگر ناکام رہا اب اسلام آباد میں اپنے سفارتخانے کے ساتھ 25ایکڑ مزید زمین اس کے لئے خریدکی گئی ہے اور وہاں 200سے زیادہ رہائشی عمارتیں تعمیر ہو چکی ہیں اور 100کی تعمیر جاری ہے اور پاکستان کو اپنے جاسوسی کے مقاصد پورے کرنے کیلئے 1.9ارب ڈالر دئیے گئے ہیں اور مجھے اندیشہ ہے کہ اس مرکز کاقیام اسلام آباد میں تحریبی کارروائیوں کا سب سے بڑا مرکز بن جائے گا جس سے وزیر اعظم ہاؤس ‘دیگر عمارتیں اور سفارتخانے بھی اس کی زد میں ہوں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جہاں تک ڈرون حملوں کا تعلق ہے تو یہ حکومت کی مرضی سے ہو رہے ہیں اگر امریکہ نے اپنی موجود ہ ظالمانہ حرکتیں جاری رکھیں تو اس خطے میں ایسے کہیں بھی پیر جمانے کی جگہ نہیں ملے گی ۔