چوہدری نثار علی خان آئندہ چند روز میں قومی اسمبلی میں 15ویں قائد حزب اختلاف کے عہدے پر نامزد ہو جائیں گے .بے نظیر بھٹو دو مرتبہ قائد حزب اختلاف اور دو ہی مرتبہ وزیر اعظم منتخب ہوئیں ، حسین شہید سہروردی سے لے کر چوہدری پرویز الٰہی تک 14قائد حزب اختلاف رہ چکے ہیں ،چوہدری نثار علی کو مسلسل سات مرتبہ قومی اسمبلی کا رکن منتخب ہونے کا اعزاز حاصل ہے

منگل 9 ستمبر 2008 19:12

چوہدری نثار علی خان آئندہ چند روز میں قومی اسمبلی میں 15ویں قائد حزب ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین09ستمبر2008 ) مسلم لیگ (ن)کے پارلیمانی لیڈر چوہدری نثار علی خان آئندہ چند روز میں قومی اسمبلی میں پندرویں قائد حزب اختلاف کے عہدے پر نامزد ہو جائیں گے  مسلم لیگ (ن)نے گزشتہ روز سپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کو باضابطہ طورپر درخواست دے دی ہے اور سپیکر آئندہ چند روز میں چوہدری نثار علی خان کو چوہدری پرویز الہی کی جگہ قائد حزب اختلاف نامزد کر دینگی اس سے قبل حسین شہید سہروردی 1955ء قائد حزب اختلاف رہے ہیں ان کے بعد آئی آئی چندیگر 1957-58تک  نور الامین 1965ء سے 1969تک  سابق صدر ایوب خان کے بھائی سردار بہادر خان اپنے بھائی دور صدارت میں 1962ء سے 1964ء تک مشرقی پاکستان کی علیحدگی کے بعد ذو الفقار علی بھٹو کے دور حکومت میں 1972سے 1975ء تک اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی کے والد ولی خان قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف رہے. اس کے بعد یہ عہدہ جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے والد مولانا مفتی محمود کے پاس 1975سے 1977ء ضیاء الحق کے مارشل لاء کے نفاذ تک رہا جب 1985ء میں سابق صدر مرحوم ضیاء الحق نے غیر جماعتی بنیادوں پر عام انتخابات کرائے تو محمد خان جونیجو مرحوم قائد ایوان تھے اور سابق وفاقی وزیر حاجی سیف اللہ خان 1985ء سے 1987ء تک قائد حزب اختلاف رہے بعد ازاں انہیں مذہبی امور کا وفاقی وزیر بنا دیا گیا تھا جبکہ سپیکر کے عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد سید فخر امام 1987ء سے 29مئی 1988ء تک قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف رہے ۔

(جاری ہے)

پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ غلام حیدر وائیں مرحوم سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو شہید کے پہلے دور حکومت میں تین دسمبر 1988ء سے 5جون 1989تک قائد حزب اختلاف رہے اس کے بعد سابق وزیر اعلیٰ غلام مصطفی جتوئی چھ جون 1989سے چھ اگست 1990ء تک قومی اسمبلی قائد حزب اختلاف رہے ۔سابق وزیر اعظم محترمہ بے نظیر بھٹو شہید 1990سے 1993اور 1997ء سے مشرف حکومت کے قیام تک دو مرتبہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف رہیں اور انہیں دو مرتبہ وزیر اعظم اور دو ہی مرتبہ قائد حزب اختلاف رہنے کا اعزاز حاصل ہے اور اسی طرح مسلم لیگ (ن)کے قائد میاں نو از شریف جنہیں دو مرتبہ وزیر اعظم رہنے کا اعزاز حاصل ہے وہ 1993سے 1996ء تک قائد حزب اختلاف رہے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان 25مئی 2004ء پندرہ نومبر 2007ء تک قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف رہے اور پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی کو اٹھارہ فروری کے عا م انتخابات کے بعد دس اپریل 2008ء کو قائد حزب اختلاف نامزد کیا گیا اور ابھی تک وہ اس عہدے پر فائز ہیں تاہم مسلم لیگ (ن)کی طرف سے قومی اسمبلی میں نثار علی خان کو قائد حزب اختلاف نامزد کر نے کی درخواست ملنے کے بعد سپیکر انہیں پاکستان کا 15واں قائد حزب اختلاف نامزد کرینگی چوہدری نثار علی خان پارلیمنٹ کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں اورہ مسلسل ساتویں مرتبہ قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے ہیں وہ دو مرتبہ وفاقی وزیر اور وزیراعظم کے خصوصی معاون کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں اور ان کا شمار منجھے ہوئے پارلیمنٹیرین میں ہوتا ہے ۔