آٹے کا بحران مصنوعی ہے،چنددنوں میں حل ہوجائے گا۔ راؤ سکندر اقبال

جمعرات 17 جنوری 2008 17:26

اوکاڑہ(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 17. جنوری2008 ) سابق سینئر وفاقی وزیر دفاع اور امیدوارقومی اسمبلی راؤ سکندر اقبال نے کہا ہے کہ آٹے کا بحران مصنوعی ہے جو صدر پرویز مشرف کی مداخلت پر آنے والے دنوں میں حل ہوجائے گا، ہمارا ایٹمی پروگرام محفوظ ہے، اس کی طرف کوئی بری آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کرسکتا، کسی ملک نے پاکستان میں کارروائی کی تو ملک کے 16کروڑ عوام افواج پاکستان کے ساتھ مل کر منہ توڑ جواب دیں گے، حکومت اور عوام کا عزم ملک دشمنوں سے کئی گنا مضبوط ہے، انتخابات مقررہ وقت پر منصفانہ بنیادوں پر منعقد ہونگے، انتہاپسندوں کو سیاسی عمل متاثر کرنے کی عوام اجازت نہیں دیگی، وہ جمعرات کی سہ پہر اپنی رہائش گاہ ایم اے جناح روڈ اوکاڑہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے، اس موقع پر امیدواران صوبائی اسمبلی محمد افضل پیجی ،میجر(ر) راؤ خلیل اختر بھی موجود تھے، راؤ سکندر اقبال نے کہاکہ ایران کے خلاف طاقت کے استعمال کے حق میں نہیں دہشت گردی کے خلاف جنگ ڈکٹیشن پر نہیں عوام کے مفاد میں لڑی جارہی ہے،انہوں نے کہاکہ پاکستان کا جوہری پروگرام کسی لیڈر کا نہیں بلکہ پوری قوم کااثاثہ ہے لیکن کئی ملکوں کو اسلامی جوہری طاقت ہضم نہیں ہورہی، راؤ سکندر اقبال نے کہاکہ ہم نے پانچ سال تک ملک کی خدمت کی ہے اداروں کو مضبوط بنایا ہے، معیشت کو خوشحالی کی پٹڑی پر چڑھایا ہے اس سے قبل دنیا اسے ناکام سٹیٹ قراردے رہی تھی مگر ہمارے انقلابی اقدامات کی وجہ سے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا، انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ بجلی کی لوڈشیڈنگ جیسے مسائل بھی اس وقت تک حل نہیں ہوسکتے جب تک کالاباغ ڈیم جیسے بڑے پراجیکٹ مکمل نہیں کئے جاتے، اس پر تمام صوبوں کو مل بیٹھ کر متفقہ فیصلہ کرنا ہوگا۔

متعلقہ عنوان :