راؤ سکندر اقبال نے پرویزالٰہی کو اوکاڑہ آنے سے روک دیا چوہدری پرویز الٰہی کا اوکاڑہ میں داخلہ بند

منگل 18 دسمبر 2007 14:31

اوکاڑہ چھاؤنی(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 18. دسمبر2007 ) سابق وزیر دفاع راؤسکندر اقبال نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کو ”ق“ لیگ کے امیدوار وں کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں اوکاڑہ آنے سے روک دیا ، اوکاڑہ کی شہری نشست پر ”ق“ لیگ کے رہنما وزیراعلیٰ پنجاب کے قریبی ساتھی میاں عبدالرشید بوٹی کے داماد کے صوبائی اسمبلی کا آزادامیدوار بننے پر راؤ سکندر اقبال کا پرویز الٰہی سے احتجاج ، سابق وزیر دفاع نے ملک کی اہم ترین اتھارٹی سے رابطہ کرلیا ، تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ”ق“ پنجاب کے صدر وسابق وزیر اعلیٰ پنجاب کو”ق“ لیگ کے امیدواران قومی وصوبائی اسمبلی کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں اوکاڑہ 25دسمبر کو آنا تھا اس سلسلے میں باقاعدہ پر وگرام جاری ہوچکا تھا مگر اوکاڑہ سے این اے144پر ”ق“ لیگ کے امیدوار قومی اسمبلی وسابق وفاقی وزیر دفاع راؤسکندر اقبال نے چوہدری پرویزالٰہی کو ٹیلی فون کرکے کہاکہ اُن کی اوکاڑہ آمد کے باعث جلسے کی کامیابی کیلئے کم ازکم چاردن کام کرنا ہوگا جس سے ہماری ڈور ٹو ڈور جاری انتخابی مہم متاثر ہوگی لہذا آپ تشریف نہ لائیں معتبر ذرائع کے مطابق راوسکندراقبال نے چوہدری پرویزالٰہی سے شدید انداز میں یہ شکوہ بھی کیا کہ ”ق“ لیگ پنجاب کا جوائنٹ سیکرٹری اور ایڈمنسٹریٹر مارکیٹ کمیٹی اوکاڑہ میاں عبدالرشید بوٹی کا داماد چوہدری اطہر اقبال فٹبال کے انتخابی نشان پر آزاد امیدوار کی حیثیت سے الیکشن لڑرہا ہے لہذا اُسے پی پی190سے دستبردار کروایا جائے ذرائع کے مطابق چوہدری پرویزالٰہی نے اُنکی بات ماننے کا وعدہ کیا تاہم تاحال اطہراقبال ”ق“ لیگ کے امیدوار صوبائی اسمبلی محمد افضل پیجی کے مقابلے میں امیدوار ہے اور بھرپور انداز میں انتخابی مہم چلارہا ہے این اے147کو ”ق“ لیگ کے حوالے سے اوپن کروانے کے بعد سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں منظور احمد وٹو حلقہ این اے146میں ”ق“ لیگ کے ٹکٹ ہولڈر چوہدری پرویزالٰہی کے کل حمائت یافتہ امیدوار راؤمحمد اجمل خان سابق ایم این اے کے مقابلے میں مضبوط حیثیت سے سامنے آگئے ہیں ۔