اے پی ڈی ایم کا دواکتوبر کو مستعفی ،چھ اکتوبر کو شٹر ڈاؤن ہڑتال کا فیصلہ ،قومی اسمبلی کے اراکین اپنے استعفے سپیکر قومی اسمبلی چوہدری امیر حسین کو جبکہ صوبائی اسمبلیوں کے اراکین متعلقہ اسمبلیوں کے اسپیکر کو پیش کریں گے، آل پارٹیز ڈیموکریٹک موومنٹ کے اجلاس میں فیصلہ

ہفتہ 29 ستمبر 2007 22:44

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29ستمبر۔2007ء) آل پارٹیز ڈیموکریٹک موومنٹ کے84ممبران قومی اسمبلی اورصوبائی اسمبلیوں کے152اراکین دواکتوبر کواسمبلیوں سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا ہے کہ 6اکتوبر کو ملک بھرمیں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جائے گی اور اسی روز یوم سیاہ بھی منایا جائیگا۔ راولپنڈی میں مسلم لیگ ن کے رہنماچوہدری نثار علی کی رہائش گاہ پراے پی ڈی ایم کا اہم اجلاس ہوا۔

جس میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف مولانافضل الرحمن،ن لیگ کے راجہ ظفر الحق ،چوہدری نثار علی ،اقبال ظفر جھگڑا،مخدوم جاوید ہاشمی ،ایم ایم اے کے لیاقت بلوچ،مولاناعبدالغفورحیدری ،علامہ ساجد نقوی ،اے این پی کے اسفند یار ولی ،پختون خواہ ملی عوامی پارٹی کے محمود خان اچکزئی ، عبدالحئی بلوچ، ڈاکٹر قادر مگسی اوردیگر رہنماؤں نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اے پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے84ممبران قومی اسمبلی اورچاروں صوبائی اسمبلیوں سے152اراکین 2 اکتوبر کو مستعفی ہوجائیں گے اورروز یوم احتجاج بھی منایا جائے گا۔قومی اسمبلی کے اراکین اپنے استعفے اسپیکر قومی اسمبلی چوہدری امیر حسین کو جبکہ صوبائی اسمبلیوں کے اراکین متعلقہ اسمبلیوں کے اسپیکر کو اپنے استعفے پیش کریں گے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 6اکتوبر کو ملک بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جائے گی جبکہ ضلعی سطح پر احتجاج کیا جائے گا۔اجلاس میں اسلام آباد میں وکلاء اورصحافیوں پرپولیس کی جانب سے کئے گئے تشدد کی شدید مذمت کی گئی۔ اجلاس میں آل پارٹیز ڈیموکریٹک موومنٹ کی طرف سے احتجاجی تحریک کو حتمی شکل دی گئی۔