مولانا حسن جان شہیدکی نماز جنازہ میں تقریباً ایک لاکھ افراد کی شرکت

اتوار 16 ستمبر 2007 15:31

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16ستمبر۔2007ء) وفاق المدارس کے نائب صدر ،جامعہ امداد العلوم پشاور کے مہتمم اور درویش مسجد پشا ور کے خطیب مولانا حسن جان شہید کو لاکھوں اشکبار آنکھوں کے سامنے چمکنی پشاور کے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔قبل ازیں قیوم سٹیڈیم پشاور کے گراؤنڈ میں نماز جنازہ کے وقت مولانا حسن جان کے ہزاروں شاگردوں اور معتقدین نے وزیر اعلیٰ سرحد اکرم خان درانی اور وفاقی وزیر داخلہ آفتاب احمد خان شیر پاؤ کو سٹیڈیم میں دیکھتے ہی ان پر پتھراؤ اور جوتیوں کی بارش کر دی اورصوبائی وزیر اطلاعات و ضلع ناظم حاجی غلام علی سمیت کسی بھی وزیر یا وی آئی پی شخصیت کو نماز جنازہ ادا نہ کرنے دی گئی ۔

واقعات کے مطابق گزشتہ شام عین افطاری کے وقت شریف آبادنمبر دو یکہ توت پشاو ر میں مسجد جاتے ہوئے راستے میں نامعلوم کا ر سواروں کی فائرنگ سے شہید ہونیوالے درویش صفت مولانا حسن جان کی نماز جنازہ اتوار کی صبح قیوم سٹیڈیم پشاور صدر میں ادا کی گئی۔

(جاری ہے)

نماز جناز ہ میں ایک لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کی ۔اس موقع پر جونہی وفاقی وزیر داخلہ آفتاب احمد خان شیر پاؤ اور وزیر اعلیٰ سرحد اکرم خان درانی و دیگروی آئی پی شخصیات نماز جنازہ ادا کرنے پہنچیں تو مولانا کے ہزاروں شاگرد اور معتقدین مشتعل ہو گئے اور شدید نعرے بازی کرتے ہوئے تمام وی آئی پی شخصیات پر اندھا دھند پتھراؤ اور جوتیوں کی بارش شروع کر دی جس کے باعث تمام وی آئی پی شخصیات کو سیکورٹی اداروں کے اہلکاروں نے جائے وقوعہ سے نکال لیا اور وہ نماز جنازہ ادا نہ کر سکے۔

نماز جنازہ کے بعد شہیدکے جسد خاکی کو ایک گاڑی میں چمکنی پشاور جی ٹی روڈ کے قبرستان منتقل کر کے وہاں سپرد خاک کر دیا گیا۔جنازے کیساتھ جلوس کی شکل میں جانیوالوں کی تعداد بھی تقریباً ایک لاکھ کے قریب تھی۔

متعلقہ عنوان :