مولانا حسن جان کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے آئی جی سرحد کو ہدایت کر دی گئی، آفتاب شیر پاؤ ،مولانا ایک ممتاز عالم دین تھے اور ان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی، تحقیقات کے بعد مولانا حسن جان کے قتل کے اصل حقائق سامنے آجائیں گے، وزیر داخلہ کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

ہفتہ 15 ستمبر 2007 22:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15ستمبر۔2007ء) وفاقی وزیر داخلہ آفتاب شیر پاؤ نے کہا ہے کہ مولانا حسن جان کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کیلئے آئی جی سرحد کو ہدایت کر دی گئی ہے۔ مولانا حسن جان ایک ممتاز عالم دین تھے اور ان کی کسی سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں تھی تاہم ابھی تک ان کے قتل کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے تحقیقات کے بعد اصل حقائق سامنے آجائیں گے۔

ہفتے کے روز ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی جی سرحد کو مولانا حسن جان کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کیلئے ہدایت کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغرب کے وقت باغ کے علاقے میں مولانا حسن جان پر ایک گاڑی میں آنے والے افراد نے ان پر فائرنگ کی جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے اور اسپتال پہنچتے ہوئے شہید ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا کہ مولانا حسن جان ایک ممتاز عالم دین تھے اور انہوں نے دین کی بہت خدمت کی ہے۔

ان کی اپنی کوئی ذاتی دشمنی نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک مولانا حسن جان کے قتل کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے جیسے ہی شواہد ملیں گے اس بارے میں معلوم ہو جائیگا۔ آئی جی سرحد کو ہدایت کر دی ہے کہ علاقے کی مکمل ناکہ بندی کر کے واقعے میں ملوث افراد کو گرفتار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا حسن جان کا قتل ایک افسوس ناک واقعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت قاتلوں کی گرفتاری کیلئے اقدامات کرے۔