پشاور،جے یو آئی کے رہنما مولانا حسن جان نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق

ہفتہ 15 ستمبر 2007 20:07

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15ستمبر۔2007ء ) جمعیت علماء اسلام کے رہنما مولانا حسن جان کو پشاور کے علاقے وزیر باغ میں افطاری کے بعد نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے شہید کر دیا۔ ایک نجی ٹی وی چینل کے مطابق جے یو آئی کے رہنما مولانا حسن جان کو وزیر باغ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے شہید کر دیا۔ عینی شاہدین کے مطابق مولانا حسن جان کو وزیر باغ میں پارٹی کے ایک رکن کے بیٹے کے نکاح میں شرکت کرنا تھی۔

(جاری ہے)

افطار کے بعد جب وہ نماز کیلئے شریف آباد نمبر 2 کی مسجد میں جانے لگے تو اس دوران راستے میں نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کر دی جس سے مولانا حسن جان شدید زخمی ہو گئے جس کے بعد انہیں پشاور لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ شہید ہو گئے۔ ناظم پشاور حاجی غلام علی نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مولانا حسن جان کو گزشتہ روز کچھ لوگوں نے ٹائم دیا تھا کہ وہ افطاری کے وقت ان کے بیٹے کا نکاح کرائیں گے جس کے بعد آج ایک شخص آیاد اور ان کو گھر سے وزیر باغ لے گیا جہاں افطاری کے وقت ان کو شہید کر دیا۔